اسلام آبا د(حال نیوز )وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل سے چیف جسٹس صاحبان کو جو خط لکھا، وہ حقائق کے منافی ہے، یہ خط دراصل این آر او کی درخواست ہے، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلبگار ہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے، وہ کسی سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں بلکہ 190ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد قید ہیں، 190ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے، مگر ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے۔
ملک ریاض نے 190ملین پاؤنڈ کے بدلے بانی پی ٹی آئی کو ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں دی، 190ملین پاؤنڈ کرپشن کیس واضح اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہے، خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی 22گھنٹے قیدِ تنہائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی عدم دستیابی سے متعلق دعوے درست نہیں ہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولتیں فراہم ہیں، ان کی پسند کا کھانا بھی دیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں، ان کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے درست نہیں ہیں۔
ان کی صحت کا ہفتہ وار بنیاد پر طبی ماہرین جائزہ لیتے اور معائنہ کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ طبی ماہرین کی ضرورت پر بانی پی ٹی آئی کا جیل سے باہر بہترین طبی سہولت میں معائنہ کرایا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو آٹھ مرتبہ پمز میں بہترین طبی سہولت کے ساتھ معائنے کے لیے دکھایا گیا، ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے، ان کے بلڈ پریشر کے معائنے کے لیے لندن سے ایسے ڈاکٹر کو بلایا گیا جو پاکستان میں بھی پریکٹس کرتے ہیں، بلڈ پریشر کی صورتحال تسلی بخش ہے۔بانی پی ٹی آئی کی جیل میں سہولتوں، طبی دیکھ بھال اور صحت کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی دیکھ بھال میں پہلے غفلت برتی نہ آئندہ کسی غفلت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
