برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ، بروقت انصاف دیا جائے، عمران خان

راولپنڈی (حال نیوز ) اڈیالہ جیل میں قید تحریک انصاف کے سابق چیئرمین نے چیف جسٹس آف پاکستان کے نام کھلے خط میں جیل کے اندر بنیادی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، طویل تنہائی اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری انصاف کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اپنی اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبی دیکھ بھال کا انتظام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل قوانین اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔دو صفحات پر مشتمل یہ خط ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے تحریر کیا گیا، جنہوں نے 11 نومبر 2026 کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں تقریباً تین گھنٹے طویل ملاقات کے دوران ملنے والی ہدایات کی روشنی میں سابق چیئرمین کے الفاظ چیف جسٹس تک پہنچائے۔

خط میں وکیل نے واضح کیا کہ انہوں نے یہ تحریر اپنے موکل کی ہدایات کے مطابق مکمل دیانتداری سے مرتب کی ہے۔خط میں سابق چیئرمین نے کہا کہ یہ اپیل ایک تنہائی والی کوٹھری سے ان کے وکیل کے ذریعے بھیجی جا رہی ہے، کیونکہ ان کے بقول اب یہی واحد ذریعہ ہے جس سے ان کی آواز جیل کی دیواروں سے باہر پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ یہ سطور سابق وزیراعظم یا کسی سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کے طور پر لکھ رہے ہیں جس نے اپنی زندگی پاکستان کے نام کی اور کرکٹ، سماجی بہبود اور ملک کے 22ویں وزیراعظم کی حیثیت سے قوم کی خدمت کی۔خط کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ 70 برس کی عمر تک ان کے خلاف کوئی فوجداری مقدمہ درج نہیں ہوا تھا، تاہم اس کے بعد انہیں سیاسی انتقام کی ایک بے مثال مہم کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کے بقول متعدد مقدمات، عدالتوں میں 100 سے زائد پیشیاں، ضمانت سے متعلق درخواستیں اور قاتلانہ حملے جیسے واقعات پیش آئے، لیکن انہوں نے ہمیشہ قانون کا راستہ اختیار کیا اور مقدمات کا عدالتی فورم پر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مختلف مواقع پر ملنے والے عدالتی ریلیف سے ان کا نظامِ انصاف پر اعتماد بحال ہوتا رہا، تاہم آئینی ترامیم کے بعد یہ گنجائش بتدریج محدود اور پھر ختم ہوتی چلی گئی۔ خط میں کہا گیا کہ اڈیالہ جیل میں انہیں اور ان کی اہلیہ کو یکے بعد دیگرے فوجداری مقدمات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ان کی اپیلوں پر فیصلوں کا انتظار اب بھی جاری ہے۔

سابق چیئرمین نے خط میں کہا کہ انہوں نے کبھی طبی بنیادوں پر رہائی یا ریلیف نہیں مانگا اور نہ ہی بیماری کو کسی قانونی حکمت عملی کے طور پر استعمال کیا، بلکہ مقدمات کا سامنا قانونی نکات اور میرٹ کی بنیاد پر کرتے رہے ہیں۔خط میں 20 دسمبر 2025 کو توشہ خانہ (بولگاری) کیس کے فیصلے کے بعد پیش آنے والی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا کہ انہیں بیرونی دنیا سے مکمل طور پر الگ تھلگ کر دیا گیا اور دن میں 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا گیا۔ ان کے مطابق اس دوران اہلِ خانہ سے ملاقات، وکلا تک رسائی، بیٹوں سے ٹیلی فون پر گفتگو، کتابوں اور ٹیلی وڑن کی سہولت بھی میسر نہیں تھی۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ کئی ماہ تک وکیل تک رسائی نہ ملنے کے بعد 10 فروری 2026 کو ان کے وکیل ان سے مل سکے، جس کی وجہ سپریم کورٹ کی جانب سے وکیل کو عدالتی معاون مقرر کرکے ان کے پاس بھیجنا تھا۔ خط کے مطابق اس ملاقات میں وکیل نے ان کی دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ضائع ہونے کا مشاہدہ کیا، جبکہ اس صورت حال سے ان کے خاندان اور وکیل کو پہلے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔خط میں کہا گیا کہ اس ملاقات کے بعد دوبارہ رابطہ منقطع ہوگیا اور جیل انتظامیہ نے مبینہ طور پر انتقامی رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں پھر تنہائی میں منتقل کر دیا۔

سابق چیئرمین کے مطابق پورے سال کے دوران انہیں اپنے وکیل سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی، جن میں 10 فروری، 8 اپریل، 2 نومبر اور 11 نومبر 2026 کی ملاقاتیں شامل ہیں۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو پورے سال کے دوران اپنے وکیل سے صرف ایک مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی۔خط میں چیف جسٹس آف پاکستان سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جیل مینوئل، قیدیوں کے قواعد اور آئینی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے، عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ان کے ساتھ ساتھ ان کی اہلیہ کو بھی مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.