ریاض (حال نیوز)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کرکٹ کا کھیل تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب سعودی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھائے گی۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے تعاون سے سعودی عرب میں بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر سے شائقین کو بھی اعلی معیار کے کرکٹ مقابلے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
سعودی عرب کے شہر الخبر میں انٹرنیشنل سپورٹس اکیڈمی کی سی ای او مریم عمر نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان آفریدی، فاسٹ بولر سہیل خان اور ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار کا استقبال کیا۔ بوم بوم آفریدی نے اس موقع پر پاکستانی صحافیوں اور کمیونٹی اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔
یہاں مقیم ہزاروں پاکستانی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جو قابلِ ستائش ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ الخبر میں انٹرنیشنل اسپورٹس اکیڈمی کا قیام ایک اہم پیشرفت ہے جو اسکول کی سطح سے ہی بچوں کو کرکٹ کی تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ان کی فٹنس بہتر بنانے اور صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
