امریکہ ہماری شرائط پوری کر دے تو آبنائے ہرمز کھول سکتے ہیں، ایران کی آفر

تہران(حال نیوز)ایران نے کہا ہے کہ اگر امریکہ ہماری شرائط پوری کر دے تو وہ چند گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز میں سکیورٹی بحال کرکے اسے دوبارہ کھول سکتا ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ معاہدے اور متعلقہ شرائط کی تکمیل کی صورت میں ایران بہت تیزی سے اقدامات کر سکتا ہے، تاہم تہران ایرانی عوام کے حقوق اور قومی مفادات کے دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔

ان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس انتباہ کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر نئے سال تک ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہو سکا تو دوبارہ جنگ شروع کرنے پر آمادہ ہو سکتے ہیں۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا معاہدہ طے پانے کے دو گھنٹے کے اندر اس اہم آبی گزرگاہ کو مکمل طور پر کھولا جا سکتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کے لیے پرعزم ہے اور دوسری جانب کی جانب سے متعلقہ شرائط پوری کیے جانے کی صورت میں جلد از جلد ان پر عمل درآمد کرے گا۔

اسماعیل بقائی نے امریکہ کی جانب سے مسلسل دھمکیوں اور جنگ میں کامیابی کے دعوں کو بھی مسترد کر دیا، انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کی طرف سے فتح کے اعلانات تقریبا روزانہ کا معمول بن چکے ہیں، تہران ایرانی عوام کے حقوق اور قومی مفادات کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا، ایران اپنے مقاصد اور عوام کے حقوق سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا، امریکی دھمکیاں ایرانی عوام کو اپنی سرزمین یا قومی وقار سے دستبردار نہیں کرسکتیں بلکہ اس طرح کے بیانات ملک کے عزم اور اتحاد کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند گھنٹے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر نئے سال تک ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہو سکا تو وہ دوبارہ جنگ شروع کرنے پر آمادہ ہو سکتے ہیں، ایک طرف امریکی صدر کے اس بیان نے کشیدگی اور خدشات کو ہوا دی تو دوسری جانب ایرانی عسکری قیادت کے سخت بیانات، زیر زمین میزائل سرنگوں اور نئے لانچر کی نمائش کے بعد سفارتی محاذ پر اسماعیل بقائی کے تازہ بیان نے مشروط پیشرفت اور سخت مقف کے درمیان موجود کشمکش کو نمایاں کردیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.