لاہور (حال نیوز ) معروف پاکستانی فلمی مصنف ناصر ادیب کے اداکارہ ریما خان سے متعلق متنازع بیان کے بعد ان کی صاحبزادی اور اداکارہ زویا ناصر نے پہلی مرتبہ اس معاملے پر وضاحت پیش کر دی ہے۔ زویا ناصر کا کہنا ہے کہ ان کے والد اس معاملے پر معذرت کر چکے ہیں اور ان کا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں تھا۔زویا ناصر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنے شوبز کیریئر، ذاتی زندگی اور والد کے بیان سے پیدا ہونے والے تنازع پر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ والد کو پروگرام میں اسکرپٹ فراہم کیا جاتا تھا اور وہ عمر کے اس حصے میں ہیں جہاں سفارتی انداز میں گفتگو کرنے کی باریکیوں کو سمجھنا ان کے لیے مشکل ہو سکتا ہے۔زویا ناصر کے مطابق ان کے والد ناصر ادیب اس معاملے پر معذرت بھی کر چکے ہیں، جبکہ دونوں جانب سے یہ وضاحت بھی سامنے آ چکی ہے کہ ریما خان کی توہین کرنا مقصود نہیں تھا۔
واضح رہے کہ ناصر ادیب نے ایک پوڈکاسٹ میں ماضی کی فلمی شخصیات کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ ریما خان کے بارے میں متنازع دعویٰ کیا تھا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ بعدازاں انہوں نے اداکارہ سے معذرت بھی کر لی تھی۔زویا ناصر کی وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اس معاملے پر شوبز حلقوں اور سوشل میڈیا پر بحث جاری رہی ہے۔
