لاہور( حال نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایک وزیر آج کل روز ٹی وی پر آنے کیلئے میرے اوپر تبصرے کررہا ہے لیکن جس دن میں نے اس وزیر کے خلاف تبصرہ کردیا وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا۔غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ڈھائی سال سے اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہا ہوں،جن بزنس مینوں پر تنقید کی جا رہی ہے وہ پاکستان کے عزت دار شہری ہیں، وہ بزنس مین وفاق اور مختلف شہروں کے چیمبرز کے صدور اور عہدیدار تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ جن بزنس مینوں پر تنقید کی جا رہی ہے وہ وہ بزنس مین پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں، وہ بزنس مین اتنے ہی برے ہیں تو ہر الیکشن میں ان سے پارٹی فنڈ کے نام پر اربوں روپے کیوں لیتے ہیں؟ ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر پیکو روڈ کا دورہ کیا اور شناختی کارڈز سمیت دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں کے مسائل سنے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سنٹر میں تقریباً دو گھنٹے گزارے اور شہریوں کی شکایات اور مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے، انہوں نے بزرگ خواتین کے شناختی کارڈز سے متعلق مسائل فوری حل کرنیکی ہدایت بھی کی۔ محسن نقوی نے بعض شہریوں کی دستاویزات کی تیاری کا عمل اپنے سامنے مکمل کرایا۔ اس موقع پر سنٹر میں موجود مرد و خواتین نے نادرا کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا۔شہریوں نے کہا کہ انہیں 10سے 15منٹ میں باری مل گئی اور انتظار نہیں کرنا پڑا، جبکہ دو سال قبل انہیں دو دو گھنٹے انتظار کرنا پڑتا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رش کے باوجود شہریوں کے لیے نادرا سنٹر میں کیے گئے اچھے انتظامات کو سراہا اور سنٹر کی انچارج سمیت عملے کو شاباش دی۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ شہریوں کی ہر موقع پر مکمل رہنمائی کی جائے تاکہ انہیں بار بار سنٹر آنے کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔انہوں نے کہا کہ نادرا سنٹر پیکو روڈ پر شہریوں کا فیڈ بیک بہت مثبت تھا،عوام کو تیز رفتار اور بہترین خدمات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔
