ممبئی (حال نیوز)بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ مجھے سوشل میڈیا پر مجھ پر تنقید کر کے پیسے کمانے یا فالوورز بڑھانے والوں سے کوئی مسئلہ نہیں۔اپنی نئی فلم کی تشہیر کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے دیکھ رہا ہوں کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ انہیں ‘بھائی’ کی واپسی کا انتظار ہے، لیکن وہ یہ بھی سوال اٹھا رہے ہیں کہ گزشتہ پانچ چھ فلموں میں انہیں کیا ہوگیا ہے اور وہ اپنے دوستوں کے مشوروں پر عمل کیوں نہیں کرتے۔
سلمان خان کے مطابق فلم ‘ماتروبھومی’ کا ٹریلر ریلیز ہونے پر بھی بعض لوگوں نے مشورہ دیا کہ اس فلم کو چھوڑیں اور دیکھیں کہ اگلی فلم کیسی ہوتی ہے، تاہم کسی چیز کے بارے میں صرف ظاہری شکل دیکھ کر فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔اداکار نے کہا کہ میرے بارے میں یہ افواہیں بھی گردش کررہی ہیں کہ اب مجھ میں پہلے جیسا جوش نہیں رہا اور میں اپنے کام کو سنجیدگی سے نہیں لیتا۔
سلمان خان کا کہنا ہے کہ اگر لوگ یہ سب کر کے پیسے کما رہے ہیں اور ان کے فالوورز میں اضافہ ہو رہا ہے تو ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں۔انہوں نے کہا کہ جو کرنا ہے کریں، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، البتہ اپنے والدین کی بات ضرور سنیں اور ان کی عزت کریں۔واضح رہے کہ سلمان خان اور چترانگدا سنگھ کے مرکزی کرداروں پر مشتمل ایکشن فلم ‘ماتروبھومی’ کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے، جس پر شائقین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔
