عمران خان کی صحت وسلامتی پر کسی قسم کی غفلت قبول نہیں کی جائیگی، تحریک انصاف

اسلام آباد (حال نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے منتخب اراکین قومی اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ سہیل آفریدی، اسپیکر بابر سلیم سواتی، صوبائی صدر جنید اکبر سمیت صوبائی وزراء ، اراکین اسمبلی اور پی ٹی آئی ورکرز کو منظر عام پر لایا جائے اور قانون کے مطابق عدالتی دفاع کا حق فراہم کیا جائے ۔ اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے منتخب اراکین قومی اسمبلی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت اراکین قومی اسمبلی عاطف خان، سلیم الرحمان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، شہرام خان ترکئی، شہزادہ گستاسپ، محمد نواز خان، آصف خان، علی اصغر خان، ارباب شیر علی، سہیل سلطان، علی خان جدون، ساجد مہمند، شاہ احد،اور بشیر خان نے شرکت کی۔

اجلاس میں بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت اور جیل میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں، خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، گورنر راج کے خدشات، صوبے کے مالی و آئینی حقوق اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔پارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی چیئرمین عمران خان کو جیل مینوئل اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام قانونی سہولیات فراہم کی جائیں، انہیں فوری طور پر اپنے ذاتی معالج تک رسائی دی جائے اور اہل خانہ، وکلاء اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ عمران خان کی صحت اور سلامتی پر کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری پابندی قابل قبول نہیں۔

اجلاس میں علیمہ خان کی تین ایم پی او کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکاء نے بشریٰ بی بی کی رہائی اور انہیں قانون کے مطابق انصاف فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، محمود الرشید، اعجاز چوہدری سمیت تحریک انصاف کے تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنان کے مقدمات میرٹ پر چلانے، انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں محمد سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، صوبائی صدر جنید اکبر خان، اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد، فضل محمد خان، نسیم شاہ، اقبال آفریدی، زبیر وزیر، صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی کی گرفتاریوں اور انہیں منظر عام پر نہ لانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

شرکاء نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار رہنماؤں اور منتخب نمائندوں کو فوری طور پر منظر عام پر لایا جائے، ان کی گرفتاری کی وجوہات اور مقام سے اہل خانہ کو آگاہ کیا جائے اور اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ ہے تو انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کرکے قانون کے مطابق اپنے دفاع کا مکمل حق فراہم کیا جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ منتخب عوامی نمائندوں کو سیاسی سرگرمیوں سے محروم کرنا اور غیر قانونی طور پر غائب کرنا جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔اجلاس کے شرکاء نے 11 اکتوبر گورنر راج کے بعد پی ٹی آئی کے ورکرز کے گھروں پر غیر قانونی چھاپوں اور تین ایم پی اؤ کے تحت گرفتاریوں کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنان کو بے جا تنگ کرنا، چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنا اور سیاسی عمل میں شرکت سے روکنا آئین پاکستان اور بنیادی انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ شرکاء نے پی ٹی آئی کارکنان کو جلد از جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔

اجلاس میں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی تین ایم پی او کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل ہونے کے باوجود ان کی گرفتاری عدالتی احکامات اور قانون کی حکمرانی پر سوالیہ نشان ہے۔ مطالبہ کیا گیا کہ تینوں رہنماؤں کو فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے، رہا کیا جائے اور انہیں تمام قانونی سہولیات فراہم کی جائیں۔اجلاس میں دہشت گردی کو جواز بنا کر خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔ دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرکے صوبے کے جمہوری مینڈیٹ کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر اور فوری عمل درآمد کیا جائے اور صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے منظور کردہ قرارداد پر من و عن عمل کیا جائے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.