دالبندین (حال نیوز ) بلوچستان میں دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے دالبندین کے مقام پر قومی شاہراہ این-40 پر مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور سمیت چار مسافر زخمی ہو گئے، جبکہ دہشت گردوں نے تفتان سے کوئٹہ جانے والے ایک ٹرک کو روک کر آگ لگا دی۔ واقعہ 22 نومبر کو پیش آیا، فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں 14 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے مسافر گاڑی اور مال بردار ٹرک کو نشانہ بنانے کے واقعات نے شاہراہ پر سفر کرنے والے عام شہریوں کی سلامتی اور معاشی سرگرمیوں کو درپیش خطرات کو نمایاں کر دیا ہے۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق فتنہ الہندوستان سے منسوب دہشت گردوں نے دالبندین میں این-40 شاہراہ پر تفتان سے کوئٹہ جانے والے ایک ٹرک کو روک کر نذرِ آتش کر دیا۔ اسی دوران تفتان سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس پر بھی اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں نوشکی کے رہائشی 63 سالہ عبید اللہ، کوئٹہ کے 38 سالہ وحید، 14 سالہ فلک علی اور 34 سالہ محسن شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کا تعلق کوئٹہ اور نوشکی سے بتایا گیا ہے۔
واقعے سے متعلق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں اپنے عزائم کی ناکامی کے بعد دہشت گرد عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ مسافر بس پر فائرنگ اور مال بردار ٹرک کو آگ لگانے جیسے واقعات دہشت گردی کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں اور معاشی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کی کوشش ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا اور ان کے روزگار کے ذرائع تباہ کرنا دہشت گردوں کے انسانیت دشمن طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے۔ ایسے واقعات سے نہ صرف عام مسافروں کی جانیں خطرے میں پڑتی ہیں بلکہ بلوچستان میں تجارت، آمدورفت اور معاشی ترقی کی سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہیں۔بیان کے مطابق بلوچستان کے عوام امن، معاشی استحکام اور ترقی کے خواہاں ہیں، جبکہ دہشت گردی کے ایسے واقعات صوبے کے امن اور عوام کے روشن معاشی مستقبل کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔
