اداکاری سیکھتے ہوئے دپیکا پڈوکون رو پڑی تھیں، سینئر اداکار انوپم کھیر کا انکشاف

ممبئی (حال نیوز ) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون کے فلمی سفر کے ابتدائی دنوں سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں سینئر اداکار انوپم کھیر نے انکشاف کیا ہے کہ اداکاری کی تربیت کے دوران ایک مشکل مشق نے دپیکا کو اس قدر مایوس کر دیا تھا کہ ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔71 سالہ انوپم کھیر نے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) گوا میں ایک پینل گفتگو کے دوران دپیکا پڈوکون کے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ بیان کیا۔

انوپم کھیر کے مطابق دپیکا ان کے قائم کردہ اداکاری کے ادارے ایکٹر پریپیئرز کے دوسرے بیچ کی طالبہ تھیں۔ ایک روز کلاس کے دوران انہوں نے دپیکا کو ایسی ملازمہ کا کردار ادا کرنے کی مشق کروائی جو فرش پر جھاڑو لگانے کے بعد فارغ ہوئی ہو۔انہوں نے بتایا کہ دپیکا ابتدائی طور پر یہ کردار دلکش انداز میں ادا کر رہی تھیں، تاہم میں نے انہیں کہا کہ اس مشق کو اس وقت تک جاری رکھنا ہوگا جب تک مجھے یقین نہ ہو جائے کہ وہ حقیقت میں فرش پر جھاڑو لگا رہی ہیں۔

انوپم کھیر کے مطابق اس مشق کے دوران دپیکا مایوس ہو گئیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری، مشق مکمل کی اور بعد میں اس تجربے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ اداکاری میں مہارت حاصل کرنے کے لیے مسلسل مشق، عملی زندگی کی سمجھ بوجھ اور حاضر دماغی انتہائی ضروری ہے۔واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون نے 2007 میں فلم اوم شانتی اوم سے بالی ووڈ میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس فلم میں ان کی اداکاری نے انہیں غیر معمولی شہرت دلائی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.