لاہور(حال نیوز )وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال، امن و امان کی بحالی اور حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے، اس موقع پر وفاقی وزیرِ اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور صوبائی وزیرِ صنعت چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران ملک میں انتظامی اصلاحات، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر خصوصی گفتگو کی گئی، اس موقع پر مسلم لیگ ق کے سربراہ نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام براہِ راست عوام کی سہولت، بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے جڑا ہوا معاملہ ہے، انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی عوامی مسائل کے حل اور گورننس کی بہتری کے لیے ایک مثر راستہ ہو سکتا ہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز ملک کے عام لوگ ہیں، اگر آج ملکی و عوامی مفاد میں درست سمت میں قدم نہ اٹھایا گیا تو آنے والا کل معاف نہیں کرے گا۔وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چوہدری شجاعت حسین کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کی منشا اور خواہشات کے مطابق تمام فیصلے کرنا موجودہ وقت کا اولین تقاضا ہے، اس کے علاوہ انہوں نے ملاقات کے شرکا کو ملک بھر بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی اور قیامِ امن کے لیے کیے جانے والے حکومتی و سیکیورٹی اقدامات سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر ہونے والی اس ملاقات میں وفاقی وزیرِ اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور صوبائی وزیرِ صنعت چوہدری شافع حسین کی موجودگی میں باہمی دلچسپی کے امور اور اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورت کو آگے بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی، یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ملکی سطح پر نئے صوبوں کے قیام، ریفرنڈم اور آئینی و انتظامی اصلاحات کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں رابطوں اور مشاورت کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
