متنی ، پشاور ،اسلام آباد (حال نیوز) متنی، پشاور میں سی ٹی ڈی اور پاک فوج کا فتن الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 03 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی۔ دہشت گرد سرکاری تنصیبات پر حملوں اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے 02کلاشنکوف، 01پستول، 03ہینڈ گرنیڈ، 05میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمدکئے گئے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی عزم اور حوصلے کی عکاس ہیں، حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ دیگر فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔مصدقہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ فتن الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد پاسانی روڈ ادیزی خوڑ متنی، پشاور میں موجود ہیں، جہاں وہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی )کی ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے جدید اسلحے سے لیس ہو کر جائے وقوعہ پر پہنچ کر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے گھات لگائی۔ دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوانوں نے اپنے تحفظ اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 03دہشت گرد ہلاک پائے گئے، جن کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔دہشت گردوں کے قبضے سے 02کلاشنکوف، 01پستول، 03ہینڈ گرنیڈ، 05میگزین اور قومی شناختی کارڈزبرآمد کیے گئے۔
فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس، سی ٹی ڈی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور انہیں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔دریں اثناء وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے متنی میں فتنہ الخوارج کے خلاف مشترکہ کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
