وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم ریلیف پر اتفاق ہو گیا

اسلام آباد (حال نیوز) حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، دونوں فریقوں کے درمیان سبسڈی کا دائرہ وسیع کرنے کے فارمولے پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے تحت ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں اور 12 ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کے ٹریکٹرز کو بھی سبسڈی کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز تسلیم کر لی گئی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم کے دور منصورہ کے امکانات پر بھی غور شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کی جانب سے حکومت کو تجویز دی گئی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف اور سبسڈی کا دائرہ محدود رکھنے کے بجائے اس میں مزید طبقات کو شامل کیا جائے تاکہ عام شہریوں اور زرعی شعبے سے وابستہ افراد کو بھی مہنگے ایندھن کے اثرات سے ریلیف مل سکے۔ حکومت نے وزیراعظم کے ذریعے اس تجویز کو تسلیم کر لیا ہے اور مجوزہ فارمولے میں ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو بھی سبسڈی کے دائرہ کار میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔مجوزہ فارمولے کے تحت 12 ایکڑ تک زرعی اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کے ٹریکٹرز کو بھی پٹرولیم سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

اس تجویز کو سبسڈی کے موجودہ دائرہ کار میں توسیع کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اس فارمولے کے حتمی نفاذ اور طریقہ کار سے متعلق باضابطہ اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی میں بھی ممکنہ حد تک کمی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمان کے درمیان متوقع ملاقات میں پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف پیکیج، سبسڈی کے مجوزہ فارمولے اور پٹرولیم لیوی میں کمی کے معاملے پر مزید بات چیت اور حتمی پیش رفت متوقع ہے۔دوسری جانب جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کے باعث اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی نے حکومتی مذاکرات کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم کے دو۴ہ منصورہ سمیت پٹرولیم لیوی میں کمی کے حوالے سے حکومتی اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دو۴ہ منصورہ اور پٹرولیم لیوی میں کمی سے متعلق باضابطہ اعلان سامنے آنے کے بعد جماعت اسلامی احتجاج کی کال واپس لینے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان طے پانے والے فارمولے کا باضابطہ اعلان ہوتے ہی اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان بھی متوقع ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.