اسلام آباد (حال نیوز )چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی بورڈ نے 45 سال یا اس سے زائد عمر کی ایسی غیر شادی شدہ مستحق خواتین کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے جن کی کبھی شادی نہیں ہوئی۔ اب یہ خواتین بھی مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے کی صورت میں بی آئی ایس پی سے مالی معاونت حاصل کر سکیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد مستفید خاندانوں میں سے تقریباً 50 لاکھ خاندانوں کا تعلق پنجاب سے ہے۔ یہ اعدادوشمار واضح کرتے ہیں کہ بی آئی ایس پی ایک قومی فلاحی پروگرام ہے جو کسی سیاسی وابستگی کے بغیر ملک بھر کے مستحق خاندانوں کی معاونت کر رہا ہے۔
ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نئے نظام پر بات کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی رہنمائی میں مستحق خواتین کو آسان اور شفاف ادائیگیاں فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل موبائل والٹس اور انٹرآپریبلٹی پیمنٹ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔ ون لنک (1LINK) کے ذریعے چھ پارٹنر بینکوں، جاز کیش، ایزی پیسہ، حبیب بینک لمیٹڈ، حبیب مائیکروفنانس بینک، بینک آف پنجاب اور بینک الفلاح کو اس نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔ اب خواتین کسی ایک مخصوص ادائیگی مرکز کی پابند نہیں ہوں گی بلکہ اپنی سہولت کے مطابق ملک بھر میں کسی بھی متعلقہ بینک کے مجاز ایجنٹ یا ریٹیلر سے رقم وصول کر سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو مفت سمز فراہم کی گئی ہیں اور ان کے نام پر ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس فعال ہوچکے۔ رقم اکاؤنٹ میں منتقل ہونے اور نکلوانے پر ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ خواتین اپنے موبائل فون، سم اور بینک میسج کو محفوظ رکھیں۔ کسی بھی غیر قانونی کٹوتی یا فراڈ کی صورت میں متعلقہ بینک یا قریبی بی آئی ایس پی دفتر میں شکایت درج کروائیں۔ اس سسٹم کو ڈیویلپ کرنے میں رہنمائی کے لئے سٹیٹ بینک خصوصا گورنر سٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کی رقم ان کا حق ہے اور غیر قانونی کٹوتیوں یا بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
کسی طرح کی ناجائز کٹوتی پر اب بینک جوابدہ ہوں گے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مزید کہا کہ پروگرام میں رجسٹریشن، سروے اور تمام متعلقہ خدمات مفت ہیں۔ ڈائنامک رجسٹری کے ذریعے مستحق خاندانوں کے کوائف اپ ڈیٹ کیے جاتے ہیں۔ خواتین سروے کے دوران اپنے اور اپنے خاندان کے بارے میں درست معلومات فراہم کریں اور رجسٹریشن یا سروے کے نام پر کسی کو رقم ادا نہ کریں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نئے نظام، رقم وصول کرنے کے طریقہ کار اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں خواتین کو آگاہ کرے تاکہ وہ آسانی اور اعتماد کے ساتھ اپنی رقم وصول کر سکیں۔
