اسلام آباد (حال نیوز )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ای سی او کے چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان تنظیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، ہم علاقائی روابط کو مضبوط بنانے، خطے میں تجارت کو آسان بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے تمام رکن ممالک اور ای سی او کے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے ۔ وہ پیر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کی وزارتی کونسل کے 30ویں اجلاس سے اپنے اختتامی خطاب کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری چیئرمین شپ کا عنوان ریوائیونگ ریجنلزم فار اے ریزیلیئنٹ ای سی او رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے اختتام پر میں تمام وفود کا ان کی تعمیری شرکت اور قابل قدر تجاویز و آرا پر دلی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ آج ہونے والی مشاورت اور تبادلہ خیال نے علاقائی اقتصادی تعاون اور انضمام کیلئے ہمارے مشترکہ عزم کی ایک بار پھر توثیق کی ہے، اقتصادی تعاون کے تزویراتی اہداف 2035کی منظوری ہماری تنظیم کے آئندہ عشرے کے لائحہ عمل کے تعین میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اعلامیہ کے ساتھ مل کر یہ دستاویز ہمارے علاقائی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور رکن ممالک کے درمیان عملی تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے ایک مشترکہ فریم ورک فراہم کرتی ہے۔
نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ اب ہمارا اصل کام اپنے اجتماعی عزم کو ٹھوس اقدامات میں تبدیل کرنا ہے، اس مقصد کیلئے واضح ترجیحات، حقیقت پسندانہ مدت کار اور موثر نگرانی و پیش رفت کے جائزے کا نظام وضع کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے علاقائی تعاون ہماری خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی ستون ہے، ہم مسلسل ایک مضبوط، موثر اور حالات کے مطابق فوری ردعمل دینے والی ای سی او کے قیام کے حامی رہے ہیں جو ہماری جغرافیائی قربت، تاریخی روابط اور باہمی معاشی تعاون سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کو فروغ دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی او کے چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان تنظیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، ہم علاقائی روابط کو مضبوط بنانے، خطے میں تجارت کو آسان بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے تمام رکن ممالک اور ای سی او کے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان 2026-2027کیلئے ای سی او کی چیئرمین شپ سنبھالے ہوئے ہے، ہمیں 2027 میں ای سی او وزرائے کونسل کے 31ویں اجلاس کے موقع پر آپ سب کو دوبارہ خوش آمدید کہنے کا انتظار رہے گا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی پیش رفت اور مثبت جذبے کو آگے بڑھائیں تاکہ ہمارے آئندہ اجلاس میں مشترکہ ترجیحات کے حصول کے سلسلے میں ہونے والی ٹھوس پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 2027 میں ای سی او کی 19ویں سربراہی کانفرنس کی میزبانی بھی کریگا اور ہمیں امید ہے کہ تمام رکن ممالک اس کانفرنس میں اعلی ترین سطح پر شرکت اور تعاون کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایران کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور 3اور 4دسمبر 2026 کو 18ویں ای سی او سربراہی کانفرنس کی میزبانی کیلئے اس کی کامیابی کے خواہاں ہیں۔ نائب وزیراعظم نے اس موقع پر ای سی او کے سیکرٹری جنرل اور ان کی ٹیم، ای سی او کے مستقل نمائندوں اور اپنے سینئر حکام کا اجلاس کی تیاری میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ میں تمام رکن ممالک کا بھی پاکستان کی چیئرمین شپ کیلئے تعاون اور حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم اس اجلاس کا اختتام اس مشترکہ عزم کے ساتھ کریں کہ اس کے نتائج کو اپنے عوام کیلئے حقیقی اور ٹھوس فوائد میں تبدیل کریں گے۔
