اداکار معمر رانا کا سید نور اور صائمہ کے حوالے سے اہم بیان سامنے آگیا

لاہور( حال نیوز)نامور اداکار معمر رانا نے سینئر ہدایتکار سید نور اور اداکارہ صائمہ کی فنی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سید نور بڑے نہیں بلکہ بہت بڑے ہدایتکار ہیں جبکہ صائمہ ایک لیجنڈ اداکارہ ہیں۔ ایک انٹرویو میں معمر رانا نے اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ سید نور فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ انہوں نے مجھے ایورنیو اسٹوڈیو بلا لیا۔

اس وقت مجھے اندازہ بھی نہیں تھا کہ مجھے فلم کی پیشکش کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹوڈیو پہنچنے پر معلوم ہوا کہ فلم ‘‘چوڑیاں ’’کا سیٹ تیار ہے اور جب سید نور نے مجھے بتایا کہ صائمہ آپ کی ہیروئن ہوں گی تو میں اور پریشان ہو گیا جبکہ اگلے ہی روز سے شوٹنگ شروع ہونا تھی۔ سوچنے کے لئے میرے پاس صرف 14گھنٹے تھے۔

معمر رانا نے بتایا کہ جب میں نے اسکرپٹ دیکھا تو وہ پنجابی زبان میں تھا اور مجھے پنجابی زبان پڑھنا اور بولنا نہیں آتا تھا۔ اسی دوران صائمہ میرے پاس آئیں اور انہوں نے پنجابی مکالمے سمجھنے اور بولنے میں ان کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ صائمہ نے نہ صرف مجھے پنجابی سکھائی بلکہ پورے عمل کے دوران کبھی غصے کا اظہار بھی نہیں کیا جس پر میں ان کاشکر گزار ہوں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.