رائے ونڈ( حال نیوز)رائے ونڈ میں عالمی اجتماع کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا،جمعرات کو شروع ہونے والے اجتماع کے پہلے روز دو لاکھ سے زائد افراد پنڈا ل پہنچے،اس بار کراچی سے آنے والے ہزاروں افراد نے ریل گاڑی کی بجائے بسوں اور کاروں میں سفر کیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ سال اجتماع میں ریلوئے حکام کی جانب سے غیر مناسب انتظام کی وجہ سے زائرین نے بذریعہ سڑک سفر کوترجیح دی ہے،ٹریفک پولیس کی مایوس کن کارکردگی پر تبلیغی کارکنان نالاں نظر آئے،شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے گرد وغبار سے آنیوالے زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،اجتماع ایام میں تعلیمی اداروں میں تعطیل کردی گئی،گاڑیوں کے داخلے کے لئے اجتماع انتظامیہ کی جانب سے مخصوص پاس جاری کئے گئے۔
رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کے عالمی اجتماع کے دوسرے مرحلے کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا احمد بٹلہ اور مولانا احمد لاٹ آف انڈیا نے شرکاء اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعوت و تبلیغ کی وجہ سے لاکھوں انسانوں کی زندگیوں میں تبدیلیاں آرہی ہیں،اپنے چھ فٹ کے قد پر اسلام نافذ کرو،اپنے گھروں اپنے اہل وعیا ل پر اسلام نافذ کرو،گھروں میں اسلامی ماحول فراہم کرو،اپنے کردار،گفتار اور معاملات میں اسلامی نکھا ر پیدا کرو،اسلام ایل مکمل ضابطہ حیات ہے جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت کی تمام کامیابیاں سمیٹی جاسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زندگی نے ہر حال میں گزر ہی جانا ہے اپنے ماحول کو اسلامی بنا لو، اسلام اجتماعیت کا دین ہے جو جوڑ کا حکم دیتا ہے اور توڑ سے بچنے کی تلقین کرتا ہے ،اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر دنیا و آخرت میں نجات ممکن نہیں اللہ سے دوستی کرلو، ساری مشکلات سے نجات مل جائے گی،اپنی زبان کو قابو میں رکھو مغفرت کے لئے سب سے بڑا عمل اپنی زبان سے کسی کو نقصان نہ پہنچا۔خود کو اور اپنی نسلوں کو غیبت سے بچاؤ ، معاشرہ سلجھ جائے گا، معاشرے میں امن قائم ہو جائے گا ۔ مقررین نے کہا کہ اپنے دلوں کو کدرتوں اور بغض سے پاک رکھو اللہ کی رحمت نازل ہوگی ،سارا اسلام،سارا دین اور ساری تبلیغ صرف دو عمل پر مشتمل ہے۔
زبان کی حفاظت اور دل کا صاف ہونا۔زندگی کا جتنا وقت حضور اکرم ؐکی محبت اور پیروی میں خرچ ہوگا وہی نفع کا سبب بنے گا ،دنیا کی محبت سے نجات حاصل کرلو،زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں اپنے کپڑوں کو پاک رکھنے کیساتھ اپنے دلوں کو بھی صاف رکھو جس سے تمہارا تن اور من صاف ہو جائے گا، آج دنیا کی محبت میں دین کو فراموش کردیا گیا ہے مصائب اور آلام کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں جسکی سب سے بڑی وجہ مسلمانوں کے دلوں کا نفرتوں سے بھرا ہونا ہے جب تک دلوں میں اسلام نہیں آتا ہماری عملی زندگی بیکار ہے،اخلاق اسلامی بنیادی اکائی ہے اگر اس کو ہی چھوڑ دیا تو پھر باقی معاملات کیسے پایہ تکمیل تک پہنچیں گے ۔
