واشنگٹن (حال نیوز )امریکی اداکارہ میگھن مارکل کے سوتیلے بھائی تھامس مارکل جونیئر نے اپنے والد تھامس مارکل کو بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزام پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔برطانوی اخبارکوانٹرویو میں تھامس جونیئر نے والد کی گرفتاری کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد فلم دی شائننگ کے اداکار جیک نکلسن کی طرح غصے میں دکھائی دے رہے تھے۔تھامس جونیئر کا کہنا تھا کہ میری سوتیلی والدہ (میگھن مارکل کی والدہ)کی طرح میرا بھی یہی خیال ہے کہ میرے والد ہی بچوں کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے مرکزی ملزم ہیں، میرے والد ہی یہ متنازع مواد بناتے اور اسے دیگر افراد کو فراہم کرتے ہوں گے۔
تھامس جونیئر نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ والد کے سامان کی تلاشی کے دوران مجھے سیکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں ایسی تصاویر اور ویڈیوز ملیں جن میں بچوں کا جنسی استحصال دکھایا گیا تھا، یہ مواد مجھے موبائل فونز اور دیگر ڈیوائسز میں ملا جس کے بعد میں نے امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کو اطلاع دی۔انہوں نے مزید کہا کہ میں کئی سال تک والد کی دیکھ بھال کرتا رہا لیکن اس واقعے کے بعد میں نے اپنے والد سے تمام تعلقات ختم کر لیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 82سالہ تھامس مارکل کو 6نومبر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر نگرانی کے لیے لگائے گئے برقی آلے میں چھیڑ چھاڑ کا بھی الزام ہے۔اس سے متعلق تھامس جونیئر نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ میرے والد نے شاید اس لیے نگرانی کا آلہ ہٹانے کی کوشش کی کیونکہ گھر میں والد کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی موجود نہیں تھا، میری بہن سمانتھا جو پہلے والد کی دیکھ بھال کیا کرتی تھیں اب خود وہیل چیئر کا استعمال کرتی ہیں۔واضح رہے کہ میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل کے خلاف بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد رکھنے کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ان کے بیٹے تھامس جونیئر کو بھی اسی نوعیت کے مواد رکھنے کے الزام میں ایک مقدمے کا سامنا ہے۔
