لاہور (حال نیوز ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام کی اہمیت اور اس بارے عوامی ریفرنڈم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام کہتی ہے نہیں بننے چاہییں تو 100 فیصد ان کی رائے کا حترام ہونا چاہیے ۔ ہمیں یہ ماننا چاہیے کہ ملک میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہو رہی ہے ۔ حکومت کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ لاہور میں این سی سی آئی اے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا پارلیمنٹ میں موجود ہم سارے لوگ جمہوریت کی بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عوام سپریم ہے تو میری تمام سیاسی جماعتوں سے ایک ہی درخواست ہے کہ وہ نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کروا لیں اگر عوام کہتی ہے کہ (صوبے) بننے چاہییں تو (پھر) بننے چاہییں۔
اور اگر عوام اس حق میں نہیں ہے تو میں بھی سو فیصد ان کے ساتھ ہوں اس میں کوئی ایسی بڑی بات نہیں ہے ۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ صوبوں کے معاملے پر ہر ایک کا اپنا اپنا مؤقف ہے اور ہر پارٹی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی دوسرے ‘فرد کی رائے’ سے اختلاف کر سکتی ہے۔انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کا اپنا مؤقف ہے اور اسی طرح کچھ جماعتیں صوبوں کے حق میں ‘آفیشلی’ نہیں بولتیں، ان کا اپنا مؤقف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کی ‘رائے بالکل ضروری ہے’ اور ان کی رائے کو رد نہیں کیا جا رہا لیکن میرا خیال ہے کہ اس معاملے کا بہترین حل یہ ہے کہ عوام کی رائے لے لیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بات کسی بھی شک وشبہ سے بالاتر ہے کہ ملک میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہو رہی ہے ۔
ہمیں اس حقیقت کو ماننے سے انکار نہیں کر نا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرپشن کو پکڑنے کے کئے بڑے پیمانے پر اقدامات بھی کر رہی ہے ۔ وفاقی وزارتوں میں کرپشن میں ملوث افراد کا نہ صرف ا حتساب کی جا رہا ہے بلکہ انھیں عہدوں سے بھی ہٹایا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ میں بھی سخت اقدامات کے باوجود بدعنوانی کے معاملات سامنے آئے جن میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں بھی کرپشن کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے نے 17ویں گریڈ کے ایک سرکاری افسر کو گرفتار کیا ہے جو آفس مینجمنٹ گروپ سے تعلق رکھتا ہے، جبکہ ایف آئی اے سی ڈی اے کے بڑے مقدمات پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور حکومت میں شامل دیگر جماعتیں اہم ہیں اور کوئی بھی بڑا فیصلہ باہمی اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود حکومت میں شامل جماعتیں مل کر کام کریں گی۔ انہوں نے کہا بلاول جو ری سیٹ کرنے کی بات کر رہے ہیں اس معاملے میں ہم دونوں ایک پیج پر ہیں بس معمولی فرق یہ ہے کہ وہ صرف سیاست کو ری سیٹ کرنے کی بات کر رہے ہیں جبکہ میرا موقف ملک ہر شعبے کو ری سیٹ کرنا ہے ۔سسٹم تو پورے کا پورا ری سیٹ ہونے والا ہے ۔ جمعیت علماء-04-04 اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف ‘انتقامی کارروائی’ کے تاثر کی نفی کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت کسی ایک شخصیت کو نشانہ بنا کر نوٹس جاری نہیں کیے جا رہے بلکہ تجاوزات کے خلاف مہم کے تحت 5 سے 6 ہزار افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مہم گزشتہ 4 سے 5 ماہ سے جاری ہے اور اسلام آباد کی زمین پر بڑے پیمانے پر قبضے کیے گئے ہیں، جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے والے اداروں کی محنت اس وقت ضائع ہو جاتی ہے جب ملزمان عدالتوں سے رہائی حاصل کر لیتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہر ملزم کو قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے۔محسن نقوی سے ایک صحافی نے جیل میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ان کے وکلا کی 3 گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کا حوالہ دے کر ان کے لیے ‘گنجائش نکالے’ جانے کے امکان کے بارے میں سوال پر کہا کہ وہ 2، 3 روز سے افواہیں سن رہے کہ ہیں کہ ‘‘پتا نہیں کیا ہونے والا ہے اور کیا ہو سکتا ہے۔تاہم انہوں نے ایسی توقعات اور تجزیوں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ 2، 3 دنوں کے لیے ‘اچھی اسٹوریز’ ہوتی ہیں۔
