نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے جمہوری ری سیٹ ضروری ہے ، بلاول بھٹو

کراچی(حال نیوز )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جو بھی ری سیٹ ہوگا جمہوری ہوگا، سیاستدان خود مایوس ہوں گے تو عوام کا نظام پر اعتماد کیسے قائم ہوگا، ملک کا بچہ بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے، نوجوان ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں کرپشن نہ ہو، پاکستان کے نوجوانوں کا نظام پر اعتماد بحال کرنیکی ضرورت ہے۔سندھ یوت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاستدانوں کو عوام کے اعتماد اور امید کو برقرار رکھنا ہوگا، ایسا نظام بنائیں جو کرپشن کرنے کے راستے بندکرے، عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔

ایسا نظام بنانا ہوگا جس پر پاکستان کے عوام اعتماد کریں،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کرپشن کے راستے بند کرنا ہوں گے، نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت لانا ہوگی، عوام کو بغیر کسی تکلیف کے سہولتیں فراہم کرنے والا نظام بنانا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ خطرناک مہنگائی کا مقابلہ کرنیکے لیے قوم میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، قومی مفادکے لیے اختلافات کو ایک طرف رکھنا ہوگا، مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے، حکمرانوں کی ذمہ داری ہے نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ دیں، پارلیمان کی بالادستی بحال کرنا ہوگی۔

عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، حکومت اور اپوزیشن دونوں کو نظام پر اعتماد ہونا چاہیے، قومی اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی سے معاشی مشکلات کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ نظام ایسا ہونا چاہیے جس پر نوجوانوں کو مکمل اعتماد ہو، تمام ادارے نظام چلانے کیلئے اہم کردار ادا کرتے ہیں، نوجوانوں کو احساس ہونا چاہیے کہ یہ نظام ان کا اپنا ہے، شہریوں کا نظام پر اعتماد قائم کرنا ضروری ہے، سیاستدان خود مایوس ہوں گے تو عوام کا نظام پر اعتمادکیسے قائم ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اگر میں کامیاب ہوا تو عوام اور ملک ترقی کریگا، اگر ناکام ہوا تو تاریخ یاد رکھیگی کہ ایک نوجوان تھا جس نے کوشش کی، خوف ہے آپس میں لڑتے رہے تو مزید تقسیم ہوں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.