پاکستان تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی سے اتحاد کیلئے 3 شرائط کا اعلان کر دیا

لاہور(حال نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما معروف قانون دان سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے اور اس حوالے سے ریفرنڈم کی حمایت کرتی ہے، تاہم 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ اور صوبوں سے متعلق معاملات سامنے آنے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔اس ضمن میں اپنی گفتگو کے دوران بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جب 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آئے گا تو اسے دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

صوبوں کے حوالے سے جب چیزیں سامنے آئیں گی تو پھر دیکھا جائے گا، تاہم تحریک انصاف نئے صوبوں کے حق میں ہے اور صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کی حمایت کرتی ہے، ریفرنڈم کے بعد صوبے بنانے کا طریقہ کار طے ہونا چاہیئے۔پنجاب میں حکومتی معاملات اور بدعنوانی سے جڑے بیانات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے وزیر خود بیان دے رہے ہیں جو بڑی باتیں ہیں، کرپشن کے الزامات اپوزیشن لگائے تو وہ اور بات ہے، مگر حکومتی وزیر الزامات عائد کر رہے ہیں، جس کے پیش نظر پنجاب میں حکومت کی عمارت خطرے میں نظر آ رہی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کے لیے تین شرائط رکھ دی ہیں، پہلی شرط یہ ہے کہ مخصوص نشستیں واپس تحریک انصاف کو دی جائیں، دوسری شرط یہ کہ خیبر پختونخواہ میں گورنر راج کا خاتمہ کیا جائے اور تیسری شرط یہ ہے کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹ اور سینیٹ میں ہمارے ساتھ اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے۔پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی یہ تینوں شرائط تسلیم کرتی ہے تو پھر تحریک انصاف کو یقین ہوگا کہ یہ نورا کشتی نہیں ہے، اگر بلاول بھٹو زرداری نے توبہ کر لی ہے تو پھر یہ شرائط تسلیم کریں اور ان کے بارے میں یہی کہوں گا کہ بڑی دیر کی مہربان آتے آتے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.