بلوچستان ہائی کورٹ کا کوئٹہ میں غیر قانونی ٹیوب ویلوں کیخلاف کارروائی کا حکم

کوئٹہ (حال نیوز )بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ شہر اور گردونواح میں غیر قانونی ٹیوب ویلوں کی نشاندہی، سرکاری ٹیوب ویلوں پر مبینہ غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی اور پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کوئٹہ میں پانی کی فراہمی سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران یہ احکامات جاری کیے۔سماعت کے دوران بی واسا کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ہزارہ ٹاؤن کے بعض علاقوں میں نجی ٹیوب ویلوں سے پانی کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والی بی واسا کی تقریباً 80 فیصد پائپ لائنیں منقطع کی جا چکی ہیں، تاہم باقی علاقوں کے لیے جامع سروے کی ضرورت ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ایسٹ کی رپورٹ کے مطابق 295 ٹیوب ویلوں میں سے صرف 68 کے پاس این او سی موجود ہے جبکہ 227 ٹیوب ویل بغیر این او سی کام کر رہے ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ مذکورہ رپورٹ کوئٹہ شہر اور گردونواح میں قائم ٹیوب ویلوں کی مجموعی تعداد اور ان کی قانونی حیثیت سے متعلق مکمل معلومات فراہم نہیں کرتی، لہٰذا اسے غیر حتمی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔عدالت نے سیکرٹری پی ایچ ای کی سربراہی میں غیر قانونی ٹیوب ویلوں سے متعلق تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ اور 5 نومبر 2026 کے اجلاس کے منٹس کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور سیکرٹری پی ایچ ای کو ہدایت کی کہ ایک مؤثر ٹیم تشکیل دے کر کوئٹہ شہر اور گردونواح میں تمام ٹیوب ویلوں کا ازسرنو جامع سروے کیا جائے اور غیر قانونی ٹیوب ویلوں کی مکمل تفصیلات پیش کی جائیں۔

عدالت نے سرکاری ٹیوب ویلوں پر مبینہ غیر قانونی قبضوں اور ان میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے متعلق درخواست بھی ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ایسٹ اور ویسٹ کو بھجواتے ہوئے معاملے کی انکوائری اور آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔دوران سماعت بی واسا کے حکام نے بتایا کہ خرخسہ ڈیم کے اطراف نو ٹیوب ویل فعال ہیں، جن سے ہزارہ ٹاؤن کے مشرقی اور مغربی علاقوں کو متبادل دنوں میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ سجاول آباد کے چار ٹیوب ویلوں سے پانی ہزارہ ٹاؤن قبرستان کے تین لاکھ گیلن گنجائش والے ذخیرے سمیت دیگر آبی ذخائر تک پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق اختر آباد ڈیم کے قریب پانچ ٹیوب ویل بجلی، پائپ لائنوں اور دیگر ضروری تعمیراتی کاموں کی عدم تکمیل کے باعث تاحال فعال نہیں ہو سکے۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہزارہ ٹاؤن کے سات بلاکس کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم فراہمی غیر باقاعدہ اور انتہائی محدود ہے۔ عدالت نے بی واسا کے متعلقہ انجینئر کو ہدایت کی کہ پانی کی ترسیل کے لیے پرانی اور خستہ حال پائپ لائنوں کی فوری مرمت اور تبدیلی سمیت ضروری کام بلا تاخیر مکمل کیے جائیں اور اس ضمن میں آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جائے۔عدالت نے سیکرٹری پی ایچ ای کو کوئٹہ شہر اور گردونواح میں پانی کی فراہمی کے مستقبل کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پر مبنی رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے حکم کی نقل ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر 2026 تک ملتوی کر دی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.