میرٹ کی بحالی اور عوامی خدمت صوبائی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے، میر سرفراز بگٹی

شمالی ڈیرہ بگٹی(حال نیوز )وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شمالی ڈیرہ بگٹی میں ماڈل سیکنڈری اسکول میر غلام قادر بگٹی کے زیر تعمیر منصوبے کا معائنہ کیا اور علاقے میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شہریوں اور سرکاری افسران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا روز اول سے واضح ایجنڈا عوامی خدمت، وعدوں کی پاسداری، میرٹ کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت ایسے اقدامات پر توجہ دے رہی ہے جن کے نتائج عوام کو عملی طور پر نظر آئیں اور جن سے ان کی زندگیوں میں حقیقی بہتری آئے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں سرکاری افسران اور سول بیوروکریسی نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری مشینری کی مؤثر کارکردگی اور اداروں کے درمیان مربوط تعاون سے عوامی خدمت اور ترقیاتی اہداف کے حصول کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 78 برس کے دوران ان اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ پاک فوج، فرنٹیئر کور، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں نے صوبے میں امن کے قیام، عوام کے تحفظ اور ریاستی عملداری برقرار رکھنے کے لیے بے مثال خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرکاری اسکولوں کو غیر تدریسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی روایت ختم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ اسکولوں کی عمارتیں بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے مختص ہیں، انہیں مہمان خانے یا دیگر غیر متعلقہ مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے بجائے تدریسی سرگرمیوں کے لیے فعال رکھا جائے گا۔

تعلیمی اداروں کی بحالی اور ان میں تدریسی عمل کا تسلسل یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے شعبہ تعلیم کے ساتھ صحت کے شعبے میں بھی متعدد اہم اقدامات کیے ہیں جن سے لاکھوں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ ہیلتھ کارڈ کی سہولت سے لے کر نئے اسپتالوں کے قیام اور علاج معالجے کی سہولیات میں بہتری تک مختلف اقدامات کے ذریعے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں جن کا اعتراف وفاقی حکومت اور عالمی فورمز پر بھی کیا گیا ہے۔ صوبے میں ہزاروں اساتذہ کی بھرتی کے ذریعے تدریسی عمل کو مستحکم کیا گیا ہے جبکہ طویل عرصے سے بند سیکڑوں سرکاری اسکولوں کو دوبارہ فعال بنایا گیا ہے۔

ان اقدامات سے نہ صرف تعلیمی اداروں کی فعالیت بحال ہوئی ہے بلکہ بچوں کے لیے تعلیم کے مواقع میں بھی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ریکارڈ تعداد میں تعلیمی وظائف فراہم کیے ہیں تاکہ بلوچستان کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کی جا سکے۔ تعلیمی وظائف کا مقصد طلبہ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے، اعلیٰ تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھانے اور مستقبل میں عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تعلیم، صحت، امن و امان اور عوامی فلاح کے دیگر شعبوں میں اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی، جبکہ تمام منصوبوں میں میرٹ، شفافیت اور معیار کو بنیادی اہمیت دی جائے گی تاکہ سرکاری وسائل کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.