کوئٹہ (حال نیوز ) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن صوبے کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے، جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جا رہا ہے۔ بلوچستان کے مسائل، مواقع اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کے سلسلے میں کوئٹہ کے صحافیوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے اعزاز میں منعقدہ نیٹ ورکنگ لنچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پربی بی او آئی ٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرعبدالمنان، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد،وزیر اعلیٰ بلوچستان کے پریس سیکرٹری شیخ عبدالرزاق، سینئر صحافی حضرات موجود تھے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں مثبت اور ذمہ دار صحافت کی ایک مضبوط روایت موجود ہے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے میڈیا کا تعاون نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کو مؤثر اور فعال ادارہ بنانے میں وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، جنہوں نے کوئٹہ کے علاوہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں بھی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں کاروبار کے مواقع سے آگاہ کیا۔شاہد رند نے کہا کہ 2026 BITEکی ایک اہم خصوصیت Made in Balochistan پر توجہ ہے، جس کے ذریعے مقامی صنعت کاروں، کاروباری افراد، چھوٹے کسانوں اور ہنرمندوں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع ملے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ بلوچستان کا میڈیا سرمایہ کاری، تجارت اور صوبے کی معاشی ترقی کے لیے جاری کوششوں میں اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ 18 اور 19 نومبر کو منعقد ہونے والی BITE 2026 کا بنیادی مقصد بلوچستان کی مقامی صنعت، کاروباری افراد، چھوٹے کسانوں اور ہنرمندوں کی مصنوعات کو متعارف کرانا اور انہیں قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ایکسپو میں ملک کے مختلف شہروں سے ممتاز صنعت کار اور کاروباری شخصیات بھی شرکت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو نوجوانوں میں کاروبار اور خود روزگاری کے رجحان کو فروغ دینے کا ذریعہ بنے گی، کیونکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے نوجوانوں کو ملازمت کے ساتھ ساتھ اپنا کاروبار شروع کرنے کی جانب بھی راغب کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ایکسپو کے بعد بلوچستان ڈیجیٹل ایکسپوکا بھی انعقاد کیا جائیگا جس میں ڈھائی سال کے دوران حکومت بلوچستان کی جانب سے مختلف شعبوں اور محکموں میں ہونیوالی ڈیجیٹلائزیشن اور اور اصلاحات کو عوام کے سامنے اجاگر کیا جائیگا۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کوششوں سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے وفاقی محکموں میں 25 ہزار ملازمتوں کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں ساڑھے پانچ ہزار نوجوانوں کے انٹرویوز کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ کامیاب امیدواروں کو آفر لیٹرز جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور معاشی طور پر خودمختار بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔اس موقع پر بلوچستان یونین آ ف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد نے میڈیا کی جانب سے ایونٹ کی کوریج کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے معاملات کو بلوچستان کے صحافیوں نے ہمیشہ اجاگر کیا ہے، سینئر صحافی رضاالرحمن نے کہا کہ 24سال بعد ایکسپو کا انعقاد ایک تاریخی موقع ہے، معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بہترین اقدامات کر رہا ہے۔
