بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی حالیہ ملاقات خالصتاً عدالتی احکامات پر ہوئی، حکومت

اسلام آباد(حال نیوز)سرکاری ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے وکلاء کی حالیہ ملاقات خالصتاً عدالتی احکامات کی روشنی میں ہوئی۔ اس کا کسی بیک ڈور چینل یا خفیہ رابطوں سے کوئی تعلق نہیں۔عدالت نے وکلاء ٹیم کو واضح طور پر سیاسی گفتگو سے منع کیا تھا، لطیف کھوسہ نے ملاقات کے بعد سیاسی بیان بازی کا سہارا لیا۔ عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی پر لطیف کھوسہ خود قانونی اور انتظامی نتائج کے ذمہ دار ہوں گے۔ایک طرف پارٹی بیرونِ ملک مقیم یوٹیوبرز اور ڈالر سے چلنے والے انقلابی بریگیڈ کے ذریعے ‘آئرن مین’ کا تاثر برقرار رکھنا چاہتی اور دوسری جانب بیک ڈور ڈیل کرنے کے لیے شدید بے چینی اور کوششیں جا ری ہیں۔

سرکاری ذرائع کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقات بارے وضاحت میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ملاقات خالصتاً عدالتی احکامات کی روشنی میں ہوئی۔ اس کا کسی بیک ڈور چینل یا خفیہ رابطوں سے کوئی تعلق نہیں۔ بیک ڈور ڈیل یا خفیہ مذاکرات سے متعلق تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں، ملاقات صرف قانونی تقاضوں کے تحت عمل میں آئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق عدالت نے وکلاء ٹیم کو واضح طور پر سیاسی گفتگو سے منع کیا تھا، لطیف کھوسہ نے ملاقات کے بعد سیاسی بیان بازی کا سہارا لیا۔ عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی پر لطیف کھوسہ خود قانونی اور انتظامی نتائج کے ذمہ دار ہوں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق میڈیا کی جانب سے محض ویوز اور ریٹنگ کے حصول کے لیے غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی جا رہی ہے۔ اگر پی ٹی آئی نے خود نام نہاد ‘ذرائع’ کے ذریعے میڈیا کو یہ خبریں فیڈ نہیں کیں، تو پارٹی کو اس غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا نوٹس لینا چاہیے۔ اگر پارٹی کے اندر سے کچھ لوگ میڈیا کو خبریں دے رہے ہیں تو قیادت کو ان کی نشاندہی کرنی چاہیے ۔ وہ پارٹی مفادات کے خلاف کام کر رہے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق انصاف لائرز فیڈریشن کی قیادت میں تبدیلی کی ہدایات دینا ایک خالصتاً سیاسی سرگرمی ہے۔

ایک ایسا شخص جو پارٹی کا چیئرمین نہیں، نااہل ہو چکا ہے اور کرپشن کے الزامات میں سزا کاٹ رہا ہے، اسے جیل سے سیاسی سرگرمیاں چلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سرکاری ذرائع کے مطابق ایک وکیل کی جانب سے صحت کے معاملات پر تبصرہ کرنا ایسا ہی ہے جیسے کسی ”حکیم” کو قانونی مقدمہ لڑنے کی اجازت دے دی جائے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق لطیف کھوسہ کا بلڈ پریشر سے متعلق دعویٰ براہِ راست اس سرکاری ادارے پر حملہ ہے جس نے ہسپتال کے دورے کے دوران وائٹلز (vitals) کو مستحکم قرار دیا تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.