گرفتاریاں اور جیلیں ہماری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتیں، مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد (حال نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے واضح کیا ہے کہ گرفتاریاں اور جیلیں ان کی جماعت کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں اور احتجاجی تحریک ہر صورت جاری رہے گی۔ انہوں نے ملک بھر میں جاری دھرنے فی الحال ملتوی کرنے اور نماز جمعہ کے بعد ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کارکنوں کو جوش کے بجائے ہوش سے کام لینے اور جماعتی قیادت کی ہدایات کے مطابق جدوجہد جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے کارکنوں کے عزم، استقلال اور جرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اپنا ہر قدم باہمی مشاورت اور بھرپور حکمت عملی کے تحت اٹھاتی ہے۔ کارکن جذبات میں آنے کے بجائے نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں، کیونکہ جماعت کے کارکن ہمیشہ ہوش سے کام لینے والے رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ گرفتاریاں اور جیلیں ہماری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتیں، ہمارے اکابر نے پھانسیوں کو چوما ہے، جیلیں ہمارے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ ہم خود جیل کے دروازے پر جا کر گرفتاریاں دیں گے اور پوری استقامت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمہاری جیلیں ختم ہو جائیں گی لیکن ہمارے کارکن ختم نہیں ہوں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکمران ان کی گرفتاری کے سیاسی نتائج زیادہ دیر تک برداشت نہیں کر سکیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ قیادت کی ہدایات کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور احتجاج کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھیں۔دوسری جانب جے یو آئی کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے اور ملک کو خونریزی، تشدد اور انتشار سے بچانے کے لیے گرفتاری دینے کا بڑا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق قائد جمعیت کو لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ میں 11 گھنٹوں سے زائد محصور رکھا گیا، جہاں لاہور پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ان کا راستہ روک رکھا تھا۔

اسلم غوری نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن سرگودھا میں جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔ ڈی آئی جی لاہور نے انہیں واپس گھر جانے کا مشورہ دیا، جسے مولانا فضل الرحمٰن نے مسترد کر دیا۔ بعدازاں سی سی پی او لاہور بھی موقع پر پہنچے اور انہیں گرفتاری کے احکامات سے آگاہ کیا۔ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے حکومتی عزائم کو بھانپتے ہوئے کارکنوں اور حکومتی اہلکاروں کے درمیان ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے گرفتاری کو ترجیح دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کارکن تقریباً دس گھنٹوں سے مختلف شاہراہوں پر دھرنے دیے بیٹھے تھے، جبکہ احتجاج میں عوام کی بڑھتی ہوئی شرکت کے باعث حالات مزید سنگین ہونے کا خدشہ تھا۔اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرفتاری کا فیصلہ کیا تاکہ ملک کو کسی بڑے تصادم سے بچایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راستوں کی بندش کے باعث لاہور کے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کے دوران قومی اور صوبائی شاہراہیں بند رہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.