اسلام آباد (حال نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے تینوں چیف جسٹسز سے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کو بلا تاخیر انصاف فراہم کرنے، ملاقاتیں بحال کرانے اور کیسز کی لائیو اسٹریمنگ کی اپیل کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دس روز قبل تینوں چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھ کر انصاف کی اپیل کی تھی مگر اب تک اس خط پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
درخواست کو دس روز گزر جانے کے باوجود کیسز کی تفصیل تک نہیں منگوائی گئی، عمران خان کے نمائندے کی حیثیت سے میں نے چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بہت مظالم ہوچکے، اب ملاقاتیں بحال کرائی جائیں، میرا سب سے ایک ہی سوال ہے کہ علیمہ بی بی کیوں جیل میں ہیں؟ بس کریں اب بند دروازے کھولیں اور بانی پی ٹی آئی کی درخواست ہے کہ ان کے کیسز کی لائیو اسٹریمنگ ہونی چاہیے، ہم نے ایک بار پھر تینوں چیف جسٹس صاحبان سے مدبانہ گزارش کی ہے کہ عمران خان اور بشری بی بی کو بلا تاخیر انصاف دیا جائے۔اس موقع پر قومی حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر قومی حکومت بنتی ہے تو دیکھیں گے کہ وہ کیا صورت اختیار کرتی ہے۔
قومی حکومت بیوروکریٹک اور ٹیکنوکریٹک حکومت ہوتی ہے، اس حکومت میں سیاسی جماعتوں کا کردار اس طرح نہیں ہوتا، ہمارا ماننا ہے کہ جو بھی ہوا وہ غلط ہوا ہے، اب چیزیں ٹھیک ہونی چاہئیں اور معاملات درست سمت میں جانے چاہئیں۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھا تھا جو وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس کو پہنچایا گیا، وکیل سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ یہ خط عمران خان کی ہدایت پر لکھا گیا، جس میں طبی سہولتوں اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی اپیل کی گئی تھی۔
