اسلام آباد (حال نیوز ) وزیراعظم شہبازشریف نے این سی سی آئی اے کو ایک مؤثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تنظیمِ نو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے،نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور اے آئی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو تعینات کیا جائے ، این سی سی آئی اے میں میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں۔
جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ شہبازشریف نے کہاکہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ این سی سی آئی اے کو ایک مؤثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تنظیمِ نو کا عمل تیز کیا جائے۔
وزیر اعظم نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور اے آئی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ این سی سی آئی اے میں میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں۔ شہبازشریف نے کہاکہ اس ادارے کی تنظیم نو میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ مرکوز کی جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیر اعظم نے این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی اصلاحات کی سفارشات پر غور کرنے کے لئے وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی بنانے کے احکامات جاری کئے، جو رواں ہفتے کے آخر تک اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔اجلاس میں این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے جس کے لئے بہترین افرادی قوت میرٹ کی بنیاد پر رکھی جائے گی۔
بتایاگیاکہ سائبر کرائم کے ضمن میں نیشنل سیکیورٹی کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے، موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم کیسز کے حل کے لیے حتی المقدور اقدامات لیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں این سی سی آئی اے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
