واشنگٹن(حال نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ ایران کے خلاف فتح اب قریب ہے اور واشنگٹن تہران کو معاہدہ کرنے اور مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے ہر ممکن موقع فراہم کر رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوجی اہلکاروں کے ساتھ یومِ تشکر کے موقع پر ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تنازع کا حتمی نتیجہ ان کے فیصلے پر منحصر ہو گا، تاہم انہیں یقین نہیں تھا کہ ایران معاہدے کی پیشکش قبول کرے گا یا نہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نرمی سے کام لے رہا تھا اور ایران کو بہت سی جانیں بچانے کا موقع دیا گیا، تاہم واشنگٹن کسی بھی قیمت پر تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیگا۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے والے خطرات روکنے کے لیے 150میزائل داغے جبکہ مشرقِ وسطی کے تیل پر امریکی انحصار کی نفی کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکا کے پاس توانائی کے وافر ذخائر موجود تھے اور وہ صرف اسرائیل اور خطے کے تحفظ کے لیے کام کر رہا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ ایران کے پاس ایسے بیلسٹک میزائل موجود ہیں جو یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اگر مشرقِ وسطی میں پائیدار امن قائم نہ ہوا تو پورے خطے کو ایٹمی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی صدر نے فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارا لاگو سے یومِ تشکر کے موقع پر امریکی فوجی اہلکاروں سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران مستقبل میں مشرقِ وسطی کے حوالے سے امریکی پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ایران کے میزائل امریکا تک نہیں پہنچ سکتے تاہم ان کی رسائی یورپی ممالک تک موجود تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے خدشہ ظاہر کیا کہ خطے میں استحکام نہ ہونے کی صورت میں ایران اسرائیل اور مشرقِ وسطی کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیاروں سے حملہ کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں ایٹمی تباہی پھیل سکتی ہے۔
امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کو مشرقِ وسطی کے تیل کی کوئی ضرورت نہیں تاہم عالمی استحکام کے لیے خطے میں امن کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایرانی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کسی بھی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور امریکا خطے کے اتحادی ممالک کی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک وہ اپنی حفاظت اور دفاع کے لیے خود مضبوط نہ ہو جائیں۔
