بلوچستان کابینہ میں تبدیلیو ں کا فیصلہ، کئی وزرا کو ہٹاکر نئے چہرے لانے کا فیصلہ

 کوئٹہ(حال نیوز )بلوچستان میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت نے صوبائی کابینہ میں رد و بدل پر اتفاق کیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ تبدیلیاں رواں ہفتے کے آخر تک متوقع ہیں۔کئی وزرا کو ہٹانے اور نئے چہروں کو سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ موجودہ وزرا اپنی وزارتیں بچانے کے لئے سرگرم ہوگئے ۔صوبائی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما میر شعیب نوشیروانی نے غیرملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان ہے اور اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورت جاری ہے۔

بلوچستان حکومت کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر صادق عمرانی اکا ور ن لیگ کے کئی وزرا سے وزارتیں واپس لینے اور متعدد نئے ارکان اسمبلی کو وزارتیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حکومتی حلقے رد و بدل کی وجہ وزرا کی کارکردگی بتا رہے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میں پارٹیوں کے اندرونی دبا اور بعض دیگر عوامل بھی شامل ہیں۔پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے بعض ذرائع کے مطابق کچھ ارکان اسمبلی حکومت اور اپنی جماعتوں کی قیادت پر کابینہ میں تبدیلی کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

ان ارکان موقف ہے کہ موجودہ وزرا اپنی آئینی مدت کا تقریبا نصف حصہ مکمل کر چکے ہیں اس لیے اب دوسرے ارکان کو بھی حکومتی ذمہ داریاں ملنی چاہئیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق صادق عمرانی کو کابینہ سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیاسی حلقے اسے حالیہ تنازعات اور ان کے خلاف سامنے آنے والی بعض شکایات کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔صادق عمرانی پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر ترین ارکان میں شمار ہوتے ہیں اور پچھلی چار دہائیوں سے پارٹی سے وابستہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہیں اور ان کے خاندان کے افراد کو محکمہ اینٹی کرپشن اور مختلف اداروں کی جانب سے نوٹس بھی موصول ہوئے ہیں۔

صادق عمرانی نے رابطہ کرنے پر کہا کہ وہ اس معاملے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ان سے کابینہ میں تبدیلی سے متعلق کوئی مشاورت کی گئی اور نہ ہی ان کے پاس اس متعلق کوئی معلومات ہیں۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی اور وزیر ریونیو عاصم کرد گیلو سے وزارتیں واپس لینے کا گرین سگنل دیا گیا تھا لیکن اب اس عمل میں تاخیر ن لیگ کی جانب سے ہو رہی ہے۔متوقع کابینہ ردوبدل کے پیشِ نظر بعض وزرا اپنی پوزیشن محفوظ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ وزارتوں کے خواہاں ارکانِ اسمبلی اسلام آباد میں پارٹی اور اتحادی قیادت سے رابطوں میں سرگرم ہیں۔

راحیلہ درانی پارٹی کے مشکل دور میں ساتھ دینے کی وجہ سے مرکزی قیادت کے قریب سمجھی جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس سے پہلے بھی انہیں ہٹانے کی دو کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور وہ اس وقت اپنی وزارت بچانے کے لیے سرگرم ہیں۔ لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کی ایک با اثر خاتون بھی راحیلہ درانی کو ہٹانے کے حق میں نہیں۔نئے ناموں کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی سیکریٹری اسفند یار کاکڑ کو مشیر بنا کر لوکل گورنمنٹ کا محکمہ دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ن لیگ کے برکت علی رند کو منصوبہ بندی و ترقی کا محکمہ سونپنے پر غور ہو رہا ہے جو اس وقت پیپلز پارٹی کے ظہور بلیدی کے پاس ہے۔

ظہور بلیدی کو آبپاشی کا محکمہ دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمان، جو گوادر سے گوادر کو حق دو تحریک کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے، انہیں محکمہ ماہی گیری دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ن لیگ کے نوابزادہ زرین مگسی کو محکمہ تعلیم دینے پر غور ہو رہا ہے۔ ان کا تعلق جھل مگسی کے بااثر نواب خاندان سے ہے اور وہ لسبیلہ سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعلی اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال کے داماد ہیں۔محکمہ ریونیو کے لئے ن لیگ کے زرک خان مندوخیل اور حاجی محمد خان لہڑی میں سے کسی ایک کا نام زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق اس معاملے پر لابنگ بھی جاری ہے۔ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل اپنے داماد اور کوئٹہ سے رکن اسمبلی زرک مندوخیل کو جبکہ سابق وزیراعلی جام کمال اپنے داماد زرین مگسی کو کابینہ میں شامل کرانا چاہتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں گزشتہ دو تین دنوں میں متوقع تھیں لیکن ان میں مزید تاخیر ہو گئی تاہم اب یہ تبدیلیاں اس ہفتے کے آخر تک ہوسکتی ہیں۔ان کے مطابق وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے پہلے پیپلز پارٹی کی صوبائی پارلیمانی پارٹی اور قیادت سے مشاورت کی۔

اس کے بعد انہوں نے حالیہ دنوں میں اسلام آباد میں نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سمیت ن لیگ کی مرکزی قیادت سے بات چیت کی جس کے نتیجے میں اتحادی جماعتوں کے درمیان کابینہ میں رد و بدل پر اتفاق ہوا۔حکومتی ذرائع کے مطابق ن لیگ کی قیادت نے وزیراعلی کو بتایا کہ پارٹی اپنے وزرا اور مشیروں کے بارے میں فیصلہ خود کرے گی۔واضح رہے اس وقت بلوچستان حکومت میں 13 وزرا، پانچ مشیر اور 16 پارلیمانی سیکریٹریز کام کر رہے ہیں۔ ان میں چھ وزرا، تین مشیروں اور سات پارلیمانی سیکریٹریز کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ پانچ وزرا، دو مشیروں اور چھ پارلیمانی سیکریٹریز کا تعلق ن لیگ سے ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.