کسی بھی جماعت یا رہنما ء کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنا قابل قبول نہیں، محمود اچکزئی

کوئٹہ(حال نیوز) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے مولانا فضل الرحمان کی آزادانہ نقل و حرکت میں مبینہ رکاوٹوں اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں کی گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی جبر اور پابندیوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے، مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت پر عائد رکاوٹیں ختم اور گرفتار رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین احمد یوسفزئی کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت محدود کرنا اور جمعیت علمائے اسلام کے قائدین کو گرفتار کرنا جمہوری اصولوں، آئینی حقوق اور سیاسی آزادیوں کے منافی ہے۔

سیاسی جماعتوں کی قیادت اور رہنماؤں کو پْرامن سیاسی سرگرمیوں سے روکنا جمہوری نظام کی روح کے خلاف ہے۔محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی طور پر کمزور اور محدود کرنے کے لیے ماضی میں جو طریقہ کار اختیار کیا گیا، بظاہر اب وہی حربے ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں اور ان کی قیادت کے خلاف بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق سیاسی مخالفین کے راستے بند کرنا، قیادت کو گھروں تک محدود رکھنا اور کارکنوں و رہنماؤں کی گرفتاریاں سیاسی اختلاف کو دبانے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ایک طرف ملک میں جمہوریت اور آئینی نظام کے استحکام کے دعوے کیے جاتے ہیں، لیکن دوسری جانب سیاسی قیادت کی نقل و حرکت روکنے ، جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں سے محروم کرنے اور اختلاف رائے کو طاقت کے ذریعے دبانے کے اقدامات سامنے آ رہے ہیں، جو حکومتی دعوؤں اور زمینی حقائق کے درمیان واضح تضاد ہے۔دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں سیاسی اختلاف کو جرم تصور نہیں کیا جا سکتا اور کسی بھی سیاسی جماعت یا رہنما کو پْرامن سیاسی سرگرمیوں سے روکنا قابل قبول نہیں۔

حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں آئینی اور قانونی حقوق فراہم کیے جائیں اور سیاسی وابستگی کی بنیاد پر پابندیوں اور گرفتاریوں سے گریز کیا جائے۔محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی آزادانہ نقل و حرکت میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر ختم کی جائیں اور جمعیت علمائے اسلام کے گرفتار رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جبر، گرفتاریوں اور پابندیوں کے ذریعے اختلاف رائے کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔مشترکہ بیان میں زور دیا گیا کہ ملک کو محاذ آرائی کے بجائے سیاسی مکالمے، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور تمام سیاسی قوتوں کے لیے یکساں سیاسی آزادیوں کی ضرورت ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.