ممبئی (حال نیوز )بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے تقریبا 1ماہ بعد مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کے انسدادِ منظم جرائم قانون (ایم سی او سی اے)کے تحت قائم خصوصی عدالت کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کم عمر ہے۔عدالت نے ہدایت کی ہے کہ کم عمر ملزم کو مزید کارروائی کے لیے جووینائل جسٹس بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے۔
خصوصی جج ستیہ نارائن آر ناوندر نے کم عمر ملزم کی عمر کی تصدیق کے بعد یہ حکم جاری کیا، عمر کی جانچ جووینائل جسٹس (بچوں کی نگہداشت اور تحفظ)ایکٹ کی دفعہ 9کے تحت کی گئی۔ملزم کی عمر کی تصدیق کا عمل اس وقت شروع کیا گیا جب ملزم کے والد نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ فائرنگ کے وقت میرا بیٹا 18سال سے کم عمر تھا، لہذا اس کے خلاف کارروائی نابالغوں سے متعلق قوانین کے تحت کی جانی چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم وہ 30نومبر کو 18سال کا ہو جائے گا، یہ اس مقدمے میں گرفتار ہونے والا پہلا ملزم ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں تفتیشی افسر نے ملزم کی تاریخِ پیدائش 30نومبر 2008 کی تصدیق کی۔
