انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل،حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات بے نتیجہ ختم

اسلام آباد(حال نیوز)پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی تشکیل کے معاملے پر حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے درمیان ایک اور ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی، حکومت نے پی ٹی آئی کی عدم شمولیت کی صورت میں بھی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومتی چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور اپوزیشن چیف وہپ عامر ڈوگر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل اور اس میں پی ٹی آئی کی شمولیت کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران عامر ڈوگر نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو بتایا کہ پی ٹی آئی نے ابھی تک پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، وہ کمیٹی کے لیے ازخود نام دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کا یکساں نمائندگی کا مطالبہ پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔ پی ٹی آئی واضح کرے کہ وہ انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہونا چاہتی ہے یا نہیں۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے خبردار کیا کہ پی ٹی آئی کی شمولیت کے بغیر بھی انتخابی اصلاحات کمیٹی تشکیل دینے کا آپشن موجود ہے۔ پی ٹی آئی کا غیر سنجیدہ رویہ کمیٹی کی تشکیل میں تاخیر کا سبب بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے کمیٹی کی تشکیل کو غیر معینہ مدت تک التوا میں نہیں رکھا جا سکتا۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ پی ٹی آئی آئندہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ نہیں ہے۔ملاقات میں دونوں جانب سے اپنے اپنے مقف پر قائم رہنے کے باعث پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق نہ ہو سکا اور مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.