بلوچستان ، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگرد ہلاک

نوشکی /خیبر /راولپنڈی/ اسلام آباد (حال نیوز)بلوچستان اور خیبر پختو نخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 16دہشتگرد مارے گئے جن میں انتہائی مطلوب خارجی خمیم عرف رف بھی شامل ہے جبکہ صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں ملک کے امن و استحکام کے لیے ان کے عزم اور قربانیوں کی مظہر ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سبی میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کارروائی کی گئی، جس کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ میں بھی کارروائیاں کی گئیں۔کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے جبکہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔دریں اثناء خیبر کے علاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب خارجی خمیم عرف رف سمیت 4خوارج کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے خارجی خمیم عرف رف نے باچا خان ایئر پورٹ پر حملے کی دھمکی آمیز ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔ذرائع کے مطابق خارجی رف سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دیگر عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اپنے بیان میں صدرمملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف موثر کارروائیوں اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کامیابیاں ملک کے امن و استحکام کے لیے ان کے عزم اور قربانیوں کی مظہر ہیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے سے بیرونی سرپرستی اور معاونت میں سرگرم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں کے دوران 12بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابل فخر ہیں،پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ شہدا اور غازیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،بلوچستان میں امن و ترقی کے دشمنوں کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.