عجمان (حال نیوز )بھارت کے نوجوان جارح مزاج بلے باز وائیبھو سوریاونشی نے لسٹ اے کرکٹ میں تیز ترین سنچری اور ڈبل سنچری کا ریکارڈ بنادیا۔ ایمرجنگ ایشیا کپ 2026میں متحدہ عرب امارات جیسی نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف سوریا ونشی نے ایک ہی اننگز میں 28چھکے اور 7چوکے جڑ دئیے اور انہوں نے اپنی ریکارڈ ساز اننگز میں لسٹ اے کرکٹ کے چار ورلڈ ریکارڈ توڑ دئیے۔
ویبھو سوریاونشی نے 28گیندوں پر لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین سنچری بنادی،بھارتی بلے باز نے آسٹریلیا کے جیک فریزر مک گرک کا 29گیندوں پر سنچری کا ریکارڈ توڑا۔ویبھو سوریاونشی نے 40گیندوں پر 150رنز مکمل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ سوریاونشی نے 59گیندوں پر 150رنز بنانے کا اپنا ہی سابقہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔سوریاونشی نے 52گیندوں پر لسٹ اے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری بنادی۔
بھارتی بلے باز نے نیوزی لینڈ کے چاڈ بوز کا 103گیندوں پر ڈبل سنچری کا ریکارڈ توڑا۔بھارت کے نوجوان بلے باز نے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ بھارتی بلے باز نے اپنی اننگز کے دوران 28چھکے لگائے۔ لسٹ اے کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ 23چھکوں کا سابقہ ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈارسی شارٹ کے پاس تھا۔خیال رہے کہ اس میچ میں یو اے ای نے پہلے کھیلتے ہوئے 249رنز بنائے اور بھارت اے کو جیت کیلئے 250رنز کا ہدف دیا جو بھارت نے صرف 15ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔
