واشنگٹن(حال نیوز )امریکی ادارے کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے محققین کے تیار کردہ روبوٹ ایسٹرا نے خلابازوں کی مدد کے بغیر خلا میں ریفلیکٹر اینٹینا کا ایک حصہ کامیابی سے جوڑ کر تیار کر لیا جسے مستقبل میں خلا میں بڑے ڈھانچے تعمیر کرنے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی دفاعی تحقیقاتی ادارے دارپا کی مالی معاونت سے تیار ہونے والے ایسٹرا روبوٹ نے کمپوزٹ فائبر ٹیوبز اور ایلومینیم جوڑوں کو استعمال کرتے ہوئے ایک اعشاریہ چار میٹر کے ریفلیکٹر اینٹینا کا ایک حصہ تیار کیا۔ اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ تعمیراتی اجزا کو پہلے مختصر اور محدود جگہ میں خلا تک پہنچایا گیا جہاں روبوٹ نے انہیں جوڑ کر مطلوبہ ڈھانچہ تشکیل دیا جس کے ذریعے راکٹوں میں محدود جگہ کے مسئلے پر قابو پانا ممکن ہو سکے گا۔
محققین کا خیال ہے کہ یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں خلائی دوربینوں، مواصلاتی نظاموں اور شمسی توانائی کے بڑے منصوبوں کی تعمیر میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے جبکہ یہ منصوبہ نوم فور ڈی پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت رواں سال کے آخر میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر مینوفیکچرنگ کی جدید تکنیکوں کی آزمائش بھی متوقع ہے اور کامیاب تجربات کے بعد مستقبل میں بڑے ڈھانچے زمین سے مکمل تیار حالت میں بھیجنے کے بجائے خلا میں ہی روبوٹس کی مدد سے تعمیر کیے جا سکیں گے۔
