بلوچستان ڈویلپمنٹ انیشیٹو میں 4 ہزار 63 منصوبے شامل 56 ارب روپے جاری

کوئٹہ (حال نیوز ) بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں ترقی کا دائرہ وسیع کرنے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت صوبے بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 56 ارب روپے کی لاگت سے 4 ہزار 63 ترقیاتی منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جن کا مقصد عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے ساتھ صوبے میں بنیادی ڈھانچے اور سماجی سہولیات کو مضبوط بنانا ہے۔

بی ایس ڈی آئی کے تحت تعلیم، صحت، زراعت، سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کے مختلف شعبوں میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ متعدد منصوبے مکمل بھی کیے جا چکے ہیں۔ ان منصوبوں سے بالخصوص دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملنے کی توقع ہے۔تعلیم کے شعبے میں صوبے کے مختلف اضلاع میں تعلیمی اداروں کی تعمیر، بحالی اور تزئین و آرائش کے متعدد منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔

جس سے تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے اور طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔اسی طرح نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بلوچستان میں آئی ٹی حب قائم کیے گئے ہیں، جہاں سالانہ 8 ہزار سے زائد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جا سکے گی۔

شہریوں نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت جاری ترقیاتی سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم، صحت، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔عوامی حلقوں کے مطابق ان منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفاف نگرانی اور مؤثر عمل درآمد سے بلوچستان میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.