بیجنگ(حال نیوز )چین نے پہلے پاکستانی خلا باز کو خلائی اسٹیشن لے جانے والے مشن شین زو چوبیس کی لانچنگ سے قبل حتمی مشق کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے جبکہ پاکستانی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال الوداعی تقریب میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چائنا ایسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کے حکام نے بتایا کہ مشترکہ مشق کے دوران خلا بازوں نے تمام تکنیکی مراحل درستگی کے ساتھ انجام دیے اور راکٹ کو لانچنگ ایریا میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان نے اس تاریخی مشن کے لیے دو پائلٹوں محمد ذیشان علی اور خرم داد کو منتخب کیا ہے۔
جن میں سے ایک خلا باز تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر سائنسی تجربات کے لیے جائے گا جبکہ دوسرا متبادل خلا باز کے طور پر ذمہ داریاں نبھائے گا۔ منتخب خلا باز تقریبا ایک ہفتہ خلائی اسٹیشن پر قیام کرنے اور سائنسی تجربات مکمل کرنے کے بعد شین زو تیئیس خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔
