فیلڈ مارشل کا دورہ ملائیشیا، دفاعی و عسکری تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی(حال نیوز )ملائیشیا کے وزیراعظم داتوسری انورابراہیم نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں سمیت دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اورپاکستان اور ملائیشیا نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں، عسکری تعاون میں اضافے اور مسلسل مذاکرات کے ذریعے دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دوطرفہ دفاعی اور عسکری تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا۔چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملائیشیا کے وزیراعظم سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات ملائیشیا کے دارالحکومت میں وزیراعظم ہاؤس پردانا پترا میں ہوئی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مسلسل روابط کی اہمیت پر زوردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کو سراہا۔ملائیشیا کے وزیراعظم نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں سمیت دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کی تعریف کی ۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان اور ملائیشیا نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں، عسکری تعاون میں اضافے اور مسلسل مذاکرات کے ذریعے دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملائیشیا کی وزارت دفاع آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ملائیشیا کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل تن سری حاجی مالک رزاق سلیمان سمیت ملائیشین آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے سربراہان بھی گارڈ آف آنر کی تقریب میں موجود تھے ۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نورالدین سے ملاقات ہوئی۔ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان عسکری روابط مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کی طرف سے مسلح افواج کے درمیان تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر (PUSPAHANAS) کا دورہ بھی طے ہے ۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ممتاز ہال آف فیم کے 21ویں رکن کے طور پر شامل کیا جائے گا، باقاعدہ تقریب منعقد ہوگی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.