لاہور( حال نیوز)گلوکاری کو خیر باد کہنے والی شازیہ خشک نے انکشاف کیا ہے کہ 2018 میں شوبز کو خیرباد کہہ چکی ہوں اوراب تجارت سے منسلک ہو گئی ہوں ۔ایک انٹر ویو میں شازیہ خشک نے بتایا کہ موسیقی چھوڑنے کا فیصلہ انہوں نے بے چینی اور ذہنی اضطراب کے باعث کیا۔
2016 میں جنید جمشید سے ملاقات کے دوران انہوں نے گلوکاری چھوڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تو جنید جمشید نے ابھی آپ کا وقت نہیں آیا ، یہ میری جنید جمشید سے آخری ملاقات تھی، بعد ازاں ان کی شہادت کے شدید صدمے سے دوچار کیا اور موسیقی ترک کرنے کے فیصلے کو تقویت ملی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد انہوں نے آہستہ آہستہ ہمت جمع کی اور پردہ اختیار کر لیا۔
شازیہ خشک نے کہا کہ میں گزشتہ آٹھ سال سے ٹی وی نہیں دیکھ رہی اور اب اپنی توجہ اللہ کے احکامات پر عمل کرنے اور تجارت پر مرکوز کیے ہوئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خدیجتہ الکبری بھی تجارت کرتی تھیں، قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھنا چاہیے اور انسان کو اللہ تعالی سے اچھا گمان رکھنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے جڑواں بچے جو بیرون ملک مقیم ہیں تاہم مجھے یقین ہے کہ میں کبھی تنہا نہیں ہوں گی کیونکہ اللہ تعالی ہمیشہ میرے ساتھ ہے۔
