تل ابیب(حال نیوز)اسرائیل میں ایران کے خلاف ممکنہ نئی فوجی کارروائی پر سیاسی اور عسکری اختلافات سامنے آگئے ہیں اسرائیلی سیاست دان اور اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے نگراں وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو خط لکھ کر خبردار کیا ہے کہ نئی حکومت کی تشکیل سے قبل ایران کے خلاف کسی بڑے فوجی آپریشن کا فیصلہ نہ کیا جائے۔
آئزن کوٹ نے خط میں نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ تحمل اور احتیاط سے کام لیں اور ایسے خطرناک اقدامات سے گریز کریں جنہیں نئی حکومت کے قیام تک موخر کیا جاسکتا ہے ان کے مطابق براہ راست اور فوری خطرے کے بغیر سکیورٹی فورسز کو کسی بڑے فوجی آپریشن کے لیے متحرک کرنا سنگین نتائج کا سبب بن سکتا ہے اور اسرائیلی جمہوری اداروں پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اسرائیل میں حالیہ انتخابی نتائج کے بعد حکومت سازی کا عمل بھی جاری ہے نیتن یاہو نگراں وزیراعظم کی حیثیت سے نئی حکومت کے قیام تک فوجی فیصلوں کے اختیارات رکھتے ہیں، تاہم آئزن کوٹ کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کے قیام سے پہلے ایسے بڑے فیصلوں سے گریز ضروری ہے۔
