اسلام آباد(حال نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی سینیٹر مشعال یوسفزئی نے دعوی کیا ہے کہ ان کی جماعت کے مشکل دن اب کم ہو رہے ہیں اور آنے والے وقت میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں سینیٹر مشعال یوسفزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ ہونا تھا وہ ہو چکا ہے، اب ان کے مشکل دن کم اور پیپلز پارٹی و مسلم لیگ ن کی مشکلات زیادہ ہوں گی، عمران خان کی دو بہنوں ڈاکٹر عظمی خان اور نورین نیازی کو غیر قانونی قید سے رہا کر دیا گیا ہے، اب تمام رہنماں کو اتحاد اور اتفاق کے ساتھ اپنے قائد کے لیے پیدا کی گئی مشکلات میں آسانیاں پیدا کرنی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی اسیری اور صحت سے متعلق سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر مشعال یوسفزئی نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو ایک سال سے مبینہ قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے جہاں اخبار، ٹی وی یا ملاقات کی سہولیات محدود ہیں، عمران خان کی آنکھ متاثر ہے اور بلڈ پریشر بڑھنے کا مسئلہ درپیش ہے، جب کہ ایک آنکھ کے آپریشن کے بعد مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ڈاکٹرز جیل میں دوسری آنکھ کا آپریشن کرنے سے انکاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بھی قید میں ہیں جن سے خاندان والوں کی ملاقات اور ضروری اشیا کی فراہمی پر پابندیاں عائد ہیں، جبکہ عمران خان کو اپنے بیٹوں سے فون کال پر بات کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی، ان تمام تر سخت حالات کے باوجود جب عمران خان کی جیل میں اپنے وکلا سے ملاقات ہوتی ہے تو وہ آج بھی اسی عزم کے ساتھ ڈٹے ہوئے نظر آتے ہیں جیسا کہ گزشتہ سال کی آخری ملاقات میں دیکھا گیا تھا۔
پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے قوم کی خاطر یہ تمام مشکلات برداشت کیں اور آج بھی وہ اپنی ذاتی رہائی کی بات کرنے کے بجائے ملک اور عوام کے مفاد کے لیے ہر طرح کی بامقصد بات چیت کرنے پر آمادہ ہیں، اگرچہ عمران خان خود اپنی رہائی کی بات نہیں کر رہے لیکن پارٹی قیادت اور اراکینِ پارلیمنٹ یہ بات کریں گے کیونکہ قوم نے انہیں اسی مقصد کیلئے ایوانوں تک پہنچایا ہے، پی ٹی آئی اس بحران کا سیاسی حل نکالے گی اور اپنے قائد کو عدالتوں کے ذریعے رہا کروائے گی، جس کے لیے ملک کے نظام میں تبدیلی ناگزیر ہے۔
