سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، افواج پاکستان

اسلام آباد (حال نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹرجنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات میں سعودی عرب کے دفاع کیلئے تمام ضروری دفاعی اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے تحت اجتماعی دفاعی وعدوں پر عملدرآمد کا مرحلہ شروع ہو رہا ہے، جس میں دفاعی تیاریوں میں اضافہ، عسکری صلاحیتوں کی دستیابی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانا شامل ہے۔

سعودی اخبار الشرق الاوسط کو دیے گئے انٹرویو میں ترجمان افواج پاکستان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کی اولین اور ناقابلِ سمجھوتہ ترجیح ہے۔ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، شہروں اور شہری و اقتصادی تنصیبات پر حملے قابل مذمت ہیں، کیونکہ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کے تحت عملی دفاعی اقدامات میں افواج اور عسکری صلاحیتوں کی فوری تعیناتی، دفاعی تیاری کی سطح میں اضافہ اور عسکری انضمام کو مضبوط بنانا شامل ہے۔

دفاعی تعاون کے تحت انٹیلی جنس شیئرنگ اور صرف دفاعی نوعیت کی کارروائیوں میں رابطہ کاری بھی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوجی دستے پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جن میں دفاعی معاونت، تربیت، مشترکہ مشقیں اور عسکری تعاون شامل ہیں۔ پاکستان دفاعی ضروریات کے مطابق فوجی اہلکاروں، عسکری صلاحیتوں، تربیت اور لاجسٹک معاونت کی فراہمی جاری رکھے گا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ عسکری اتحاد فوجی دستوں کی تعداد، تعیناتی کے مقامات اور آپریشنل تفصیلات ظاہر نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کا مقصد باہمی سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔پاک سعودی مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس معاہدے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی دفاعی تعاون اور ایک دوسرے کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے سہ فریقی دفاعی تعاون کا فریم ورک ہے، جس کے تحت اجتماعی دفاع، مشترکہ تیاری اور دفاعی رابطہ کاری کے طریقہ کار وضع کیے گئے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے اور مکہ اتحاد خالصتاً دفاعی نوعیت کے ہیں اور کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے۔ تینوں ممالک کا مقصد اجتماعی دفاعی صلاحیت، عسکری انضمام اور علاقائی استحکام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ خطے میں مزید کشیدگی کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ تمام فریقوں کو تحمل کا مظاہرہ، کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کی جانب پیش رفت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تنازعات کا حل مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے تلاش کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے 26 اکتوبر کو تہران میں ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد اور ایران کے درمیان ملاقات کا مقصد کشیدگی میں کمی اور علاقائی تعاون کے لیے ایک مؤثر فریم ورک تشکیل دینا تھا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ملاقات بھی تنازعات کے پرامن حل اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چاروں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے تعاون اور مکالمے کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.