پاکستان نے ایک اور محاذ پر بھارت کو شکست سے دوچار کر دیا

حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ پاکستان نے ایک اور محاذ پر بھارت کو شکست سے دوچار کر دیا،  پاکستان نے عالمی منڈی میں ہندوستانی باسمتی چاول کو پیچھے چھوڑ دیا،  پاکستان نے بین الاقوامی معیارات کے مطابق کمپلائینسز کی ہیں جبکہ ہندوستان اپنے کسانوں کو چاول پر ٹیکسز میں سبسڈی دے رہا ہے، گنے کے کاشتکار وں کو شوگر ملز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،گذشتہ برس کے مقابلے میں صرف 12 فیصد گنے کی کرشنگ کی جا چکی ہے۔  قومی اسمبلی کی نیشنل فوڈ سیکورٹی کمیٹی کو بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر گنے کی قیمت کا تعین نہیں کیا جارہا ہے اور ملز مالکان مارکیٹ کے مطابق قیمتوں کا تعین کرتے ہیں،کمیٹی کو بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی باسمتی چاول نے انڈیا کی باسمتی چاول کو مات دیدی ہے۔

چیرمین سید حسین طارق کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ سیکریٹری فوڈ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پاکستان نے عالمی منڈی میں ہندوستانی باسمتی چاول کو شکست دے دی ہے اور عالمی مارکیٹ میں پاکستانی باسمتی چاول کی قیمت 1200 ڈالرز فی ٹن ہے جبکہ ہندوستانی باسمتی چاول کی قیمت 900 ڈالرز تک ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بین الاقوامی معیارات کے مطابق کمپلائینسز کی ہیں جبکہ ہندوستان اپنے کسانوں کو چاول پر ٹیکسز میں سبسڈی دے رہا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کیا جا رہا ہے جبکہ شوگر ایڈوائزری بورڈ موجود رہے گا اورشوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس آئندہ ہفتے بلایا جا رہا ہے چیرمین کمیٹی نے کہاکہ شوگر ملز دو دن کے لیے ریٹ بڑھاتی ہیں شوگر ملز نے گنے کا نرخ 470 روپے سے کم کرکے 400 روپے فی من کر دیا ہے انہوں نے کہاکہ گنے کے کاشتکار وں کو شوگر ملز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے کمیٹی کو بتایا گیا کہ گذشتہ برس گنے کی پیداوار 86 ملین ٹن رہی جبکہ اس سال اب تک 11 ملین ٹن گنے کی کرشنگ ہو چکی ہے اور9 لاکھ 22 ہزار ٹن چینی پیدا کی جا چکی ہے کمیٹی کو بتایا گیا کہ اس وقت ملوں کے پاس 6 لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن چینی موجود ہے۔

چیرمین کمیٹی نے کہاکہ اب تک گذشتہ برس کے مقابلے میں صرف 12 فیصد گنے کی کرشنگ کی جا چکی ہے اس کا مطلب ہے کہ شوگر ملز گنے کی کرشنگ نہیں کر رہے ہیں اورکرشنگ نہ ہونے سے گنے کی بڑی پیداوار ضائع ہونے کا خدشہ ہے چیرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ گنے کی قیمت ڈی ریگولیٹ کرنے سے قیمت کا تعین کون کرے گا جس پر سیکرٹری نیشنل فوڈ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے ہوا ہے کہ گنے کی قیمت کا تعین نہیں کیا جائے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.