حال نیوز۔۔۔۔۔۔ عمران خان پاکستان کے عوام کے دلوں کا ہیرو ہے، بے شرم لوگ جعلی کلپ بنا کر پوری دنیا میں رسوا ہو رہے ہیں، یہ سارے مودی کو گھر بلائیں، بندیا لگا کر ان کے ساتھ گھومیں تو سب کچھ ٹھیک ہے اور ہم اگر ان کے میڈیا پر بات بھی کرلیں تو ہماری حب الوطنی چیلنج ہو رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ میرا فیک کلپ انڈیا سے نہیں پاکستان سے جاری ہوا، سکائی نیوز نے تحقیقات کر کے بتا دیا ہے، بے شرم لوگ جعلی کلپ بنا کر پوری دنیا میں رسوا ہو رہے ہیں۔
علیمہ خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کے لیے لوگ اس لیے فکرمند ہوتے ہیں کہ وہ ان کے دلوں کا ہیرو ہے، آپ تو تب پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب وہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے تھے، عمران خان صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مانا ہوا نام ہے، اسی لیے ہمیں بھارت سے بہت سارے چینلز فون کرتے ہیں۔علیمہ خان کہتی ہیں کہ یہ سارے مودی کو گھر بلائیں اور بندیا لگا کر ان کے ساتھ گھومیں تو سب کچھ ٹھیک ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ان کے میڈیا پر بات بھی کرلیں تو ہماری حب الوطنی چیلنج ہو رہی ہے، انہوں نے پہلے نورین نیازی کا اے آئی کلپ بنایا پھر کل میرے سکائی نیوز کو انٹرویو کا اے آئی کلپ بنایا، یہ جعلی کلپ بنا کر پوری دنیا میں رسوا ہو رہے ہیں یہ بیشرم لوگ ہیں، ہمیں دھمکیاں نہ دیں، ہمیں جیلوں میں ڈالیں ہم آپ سے ڈرتے نہیں ہیں۔سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ کا کہنا ہے کہ کس سٹیک ہولڈر سے ہماری ملاقات ہوئی ہے؟ اس سٹیک ہولڈر کا نام کیا ہے؟ ہمارے سٹیک ہولڈرز صرف عوام ہیں، ہماری کسی سے ملاقات نہیں ہوئی۔
علیمہ خان کا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عدلیہ میں ہم نے تو نہیں کہا کہ ہم گفتگو نہیں کریں گے ہم فیملی ہیں آئین میں اظہار رائے کی آزادی ہے، آئین ہمیں بولنے کی اجازت دیتا ہے آپ لوگ اپنے آئین کے لیے بولیں، جو لوگ این ڈی یو میں گئے میر جعفر اور میر صادق عمران خان نے انہیں کہا ہے ہم نے نہیں، کسی کو خیال آیا کہ عمران خان کو ٹارچر کیا جا رہا ہے اور جو ٹارچر کر رہے ہیں آپ ان کے ساتھ جا کر بیٹھ گئے ہیں، ہماری پریشانی بھائی کی حد تک ہے۔