محمد رضوان بگ بیش لیگ میں میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی کریں گے، اس بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ اگر آپ آسٹریلیا میں پرفارم کرتے ہیں تو دنیا آپ کو جاننے لگتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بگ بیش لیگ میں کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں، 2019 سیریز کے بعد لوگ مجھے پہچاننا شروع ہو گئے تھے۔
محمد رضوان نے مزید کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑی دل سے اور بہادری کے ساتھ کھیلتے ہیں، وہاں کی کنڈیشنز مجھے بہت اچھی لگتی ہیں کیونکہ یہ بیٹر اور بولرز دونوں کے لیے چیلنجنگ ہوتی ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں کھیلی جانیوالی میری اننگز کریئرکو تبدیل کرنے والی تھی، جس انداز سے آسٹریلین کھیلتے ہیں وہ مجھے اچھا لگتا ہے کیونکہ وہ یہ نہیں دیکھتے کہ دنیا کیا کر رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان و فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی مجھے اٹیک کرتے ہیں اور میں بھی جواب میں اٹیک کرتا ہوں، میں ان کے خلاف باؤنڈریز لگاؤں گا اور وہ میری وکٹ لینے کی کوشش کریں گے، میں اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔