حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔شہدا ئے 26نومبر حق گوئی کے علمبردار تھے، ملک بھر میں آج یومِ شہدا منایا جائے، شہدا کے قاتل موجودہ حکمران ہیں، ایف آئی آر شہباز نقوی اور متعلقہ افسران کے خلاف کٹنی چاہیے، تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آج ملک بھر میں مظاہرے، فاتحہ خوانی اور شہدا سے اظہار یکجہتی کا اعلان کر دیا۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے 26نومبر کے حوالے سے اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ کا ایک انتہائی سیاہ دن ہے، جس میں تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنوں پر ریاستی طاقت کے ذریعے گولیاں برسائی گئیں۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ کارکن صرف اپنے قائدین سے اظہارِ یکجہتی، آئین کی سربلندی، عوامی مینڈیٹ کی بحالی اور آزاد عدلیہ کے لیے آواز اٹھانے آئے تھے۔ ان کا جرم صرف یہ تھا کہ وہ چاہتے تھے کہ پاکستان کے فیصلے چند سرپھرے قاتلوں کے بجائے منتخب پارلیمنٹ کرے، عدالتیں آزاد ہوں اور پریس آزاد ہو، ان کا کہنا تھا۔محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ26نومبر کے شہدا کسی ایک سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ حق گوئی اور بیباکی کے علمبردار تھے، جو حدیثِ نبویؓ کے مطابق جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنے نکلے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پشین کا نوجوان، جو پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، انہی فائرنگ کے واقعات میں شہید ہوا۔
سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان و چیئرمین پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی نے ہدایت کی کہ 26نومبر کو پورے ملک میں پریس کلبوں کے سامنے مظاہرے، مساجد میں فاتحہ خوانی اور شہدا کے گھروں پر تعزیت کے دورے کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کہا کہ اگر ایف آئی آر درج ہونی ہے تو وہ شہباز نقوی اور ڈی چوک میں تعینات متعلقہ ملٹری افسران کے خلاف ہونی چاہیے۔اچکزئی کا کہنا تھا کہ شہدا قوموں کے رہنما ہوتے ہیں اور تحریک تحفظ آئین پاکستان، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور تمام جمہوریت پسند قوتیں اس دن کو بھرپور انداز میں منائیں اور شہدا کی جدوجہد کو سلام پیش کریں۔