کراچی میں ڈبل ڈیکر بسیں اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ

حال نیوز۔۔۔۔۔کراچی میں ڈبل ڈیکر بسیں اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ، حکومت سندھ کی جانب سے عوام کے لئے ایک اور خوشخبری سنا دی گئی۔ حکومت سندھ کی جانب سے عوام کیلئے ایک اور خوشخبری‘کراچی میں آئندہ ہفتے سے ڈبل ڈیکر بسیں اور نئی ای وی بسیں چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ کے دیگر اضلاع میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنیکا بھی اعلان کیا گیا ہے۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومر، یلو لائن بی آر ٹی کے پی ڈی ضمیر عباسی اجلاس میں شریک ہوئے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی اور ریڈ لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔کراچی میں ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے اور پنک اسکوٹیز اسکیم کے دوسرے مرحلے پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو آگہی دی گئی۔ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ امید ہے کہ ڈبل ڈیکر بسیں اور نئی ای وی بسیں آئندہ ہفتے تک کراچی میں پہنچ جائیں گی،کراچی کے عوام کے لئے ڈبل ڈیکر کا روٹ شروع کرنے کے ساتھ ساتھ ای وی بسز کے نئے روٹ بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔

حکومت سندھ دسمبر تک ای وی ٹیکسی شروع کرنے اور حالیہ مالی سال مزید پانچ سؤ بسیں لانے ارادہ رکھتی ہے،سندھ کے دیگر اضلاع میں بہت جلد پیپلز بس سروس کے نئے روٹس بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ٹرانسپورٹ حکام کو نئے روٹس کے حوالے سے آپریشنل تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات دیں اورکہا کہ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں خواتین اور طالبات کو اسکوٹیز چلانے کی تربیت دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔

یلو لائن بی آر ٹی پر شب و روز کام جاری ہے،حکومت سندھ یلو لائن بی آر ٹی پر کام جلد از جلد مکمل کرنا چاہتی ہے۔شرجیل انعام میمن کی ہدایت تھی کہ یلو لائن بی آر ٹی کے ترقیاتی کام میں تیزی لائی جائے، ڈیپوز کا کام بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے، تاج حیدر پل کے دوسرے حصے کا کام جلد شروع کیا جائے گا، تاج حیدر پل پر دو طرفہ ٹریفک آج سے چلائی جارہی ہے، یلو لائن بی آر ٹی میں حائل یوٹلٹیز کی منتقلی جلد یقینی بنائی جائے، تاکہ کام کی رفتار متاثر نہ ہو۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.