بلوچستان، پوست کی فصلوں کیخلاف آپریشن، متعدد کھیت تلف

حال نیوز۔۔۔۔۔بلوچستان میں پوست کی فصلوں کیخلاف آپریشن، متعدد کھیت تلف کر دیئے گئے، صوبے میں منشیات کے خاتمے تک مہم جاری رکھنے کا اعلان، کاشتکاروں کے لیے متبادل روزگار کے منصوبے بھی زیرِ غور ہیں۔ بلوچستان میں پوست کی غیر قانونی کاشت کے خلاف محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی بڑی آپریشنل مہم تیز رفتار جاری ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی پوست کے کھیت تلف کیے جا رہے ہیں اور اب تک درجنوں کارروائیاں کامیابی سے مکمل ہو چکی ہیں۔یہ مہم سیکریٹری ایکسائز سید ظفر علی شاہ بخاری، ڈی جی ایکسائز نارتھ اور ڈائریکٹر ایکسائز نصیر اللہ مندوخیل کی خصوصی ہدایات کے تحت جاری ہے۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں قلعہ عبداللہ، گلستان، پشین، ژوب، موسی خیل اور قلعہ سیف اللہ میں بڑے پیمانے پر آپریشنز کیے گئے اور سینکڑوں ایکڑ غیر قانونی پوست کی فصل کو تلف کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران لیویز فورس، پولیس، ایف سی اور مقامی انتظامیہ نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔ محکمہ کے مطابق یہ کارروائیاں منشیات کی پیداوار، نقل و حمل اور فروخت کے تمام مراحل کی روک تھام کے لیے کی جا رہی ہیں اور کسی بھی بااثر فرد کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کاشت چھوڑنے والے کسانوں کے لیے متبادل روزگار کے منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں زرعی سبسڈی، قانونی فصلوں کے بیج اور چھوٹے کاروبار کے لیے مالی معاونت شامل ہوگی۔ سیکریٹری ایکسائز نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد صرف کاشت کی روک تھام نہیں بلکہ کسانوں کو باوقار روزگار فراہم کرنا اور منشیات سے پاک معیشت قائم کرنا ہے۔

ڈی جی ایکسائز نارتھ نے کہا کہ منشیات کے مکمل خاتمے تک مہم بلا تعطل جاری رہے گی اور نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں گے۔ محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی کاشت یا منشیات سے متعلق کسی بھی اطلاع کو فوری طور پر قریبی ایکسائز آفس یا ہیلپ لائن پر فراہم کریں۔محکمہ ایکسائز کے مطابق عوامی تعاون، میڈیا کی آگاہی مہمات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائیوں کے ذریعے بلوچستان کو منشیات سے پاک صوبہ بنانے میں اہم پیشرفت ہو رہی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.