حال نیوز۔۔۔۔۔۔جعفر ایکسپریس کو سیکورٹی کلیئرنس مل گئی، آج پشاور کیلئے روانہ ہو گی، بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس 16نومبر تک معطل رہے گی، این اے70قومی شاہراہ پر 14نومبر تک ٹرانسپورٹ کی بندش، محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان کا نوٹیفکیشن جاری، کوئٹہ میں سیکیورٹی ناکے بڑھا دیے گئے، بلوچستان اسمبلی، ہائی کورٹ اور اہم سرکاری عمارتوں پر اضافی نفری تعینات کردیا، انٹرنیٹ معطلی اور ٹرانسپورٹ پابندی سے طلبہ، تاجروں اور صحافیوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبائی حکومت نے بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے صوبے بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس 16نومبر تک معطل کردی ہے، جب کہ این-70قومی شاہراہ پر 14نومبر تک ٹرانسپورٹ کی بندش کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے اعلامیہ کے مطابق حب، چمن، واشک، جھل مگسی، لسبیلہ، ژوب، قلات، ہرنائی، شیرانی، پنجگور، زیارت، لورالائی، صحبت پور، خاران، موسی خیل، کیچ، کچھی، سوراب، مستونگ اور خضدار سمیت متعدد اضلاع 16نومبر تک موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اوستہ محمد، دکی، کوہلو، سبی، نوشکی، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، جعفر آباد، آواران، قلعہ عبداللہ، چاغی، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، گوادر اور پشین سمیت دیگر اضلاع میں بھی یہی پابندی نافذ ہوگی۔سروس معطلی کے باعث طلبہ، تاجروں اور صحافیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آن لائن تعلیم، کاروباری لین دین اور میڈیا رپورٹس میں تعطل پیدا ہوگیا ہے۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکے بڑھا دیے گئے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی، بلوچستان ہائی کورٹ، وزیرِاعلی ہاس، گورنر ہاس اور آئی جی پولیس آفس سمیت اہم سرکاری عمارتوں پر اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ادھر محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان نے قانون و امان کی صورتحال کے پیش نظر این-70قومی شاہراہ (قلعہ سیف اللہ تا ڈیرہ غازی خان)پر 12سے 14نومبر تک تمام بسوں، ٹیکسیوں اور نجی گاڑیوں کی آمدورفت بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ مراسلے کے مطابق یہ اقدام محکمہ داخلہ بلوچستان کی ہدایات پر کیا گیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، تاہم مقامی ٹرانسپورٹ کو اس فیصلے سے استثنی حاصل ہے۔نوٹیفکیشن میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ اور لورالائی کے سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اعلی حکام کی ہدایات پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔مزید برآں، جعفر ایکسپریس ٹرین سروس بھی 13نومبر تک معطل رہے گی آج دوبارہ سیکورٹی کلیئرنس کے بعد پشاور روانہ ہوگی۔